شہر میں جگہ جگہ بدبو، کچرا، گندگی ، عوام کے مسائل میں مزیدا ضافہ

   

الجبیل کالونی ، ندیم کالونی ،پیٹ بشیرآباد، نظام پیٹ کے علاقوں تک امداد نہیں پہونچی

حیدرآباد۔ شہر کے کئی زیر آب علاقوں میں پانی کے کم ہونے کے بعد جو مسائل پیدا ہونے لگے ہیں وہ عوام کے لئے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوسکتے ہیں اور شہر کے بیشتر علاقوں میں جہاں پانی جمع ہے ان علاقوں سے اب پانی کے اخراج کا عمل شروع کیا جا رہاہے جبکہ اب بھی الجبیل کالونی ‘ ندیم کالونی ‘ پیٹ بشیر آباد‘ نظام پیٹ کے علاوہ ناچارم ‘ بوئن پلی‘ مقطعہ مدار صاحب اور بی ایس مقطعہ کے علاقے پانی میں محصورہیں۔ جن علاقوں سے پانی خارج ہوچکا ہے ان علاقوں میں انتہائی گندگی ‘ بدبو اور تعفن کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے جو کہ سنگین وبائی امراض کا سبب بن سکتی ہیں۔ حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں منتخبہ عوامی نمائندوں کو شدید عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ دونوں شہروں سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کی جانب سے شہر میں ہوئی بارش کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کے لئے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جا رہاہے۔ جن علاقوں سے پانی خارج ہوچکا ہے ان میں حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے کئی علاقہ شامل ہیں اور ان علاقوں میں اب بدبو دار کیچڑ اور بارش کے سبب بہہ کر آنے والی گندگی جمع ہوچکی ہے۔ گنگا نگر نالہ‘ مولیٰ کا چھلہ ‘ تالاب کٹہ ‘ نشیمن نگر کے علاوہ امان نگر کے علاقوں میں جہاں پانی جمع رہا اور گذشتہ یوم نالہ ٹوٹ جانے کے سبب جو صورتحال پیدا ہوئی اس سے نمٹنے میں ناکامی پر عوام میں کافی برہمی پائی جانے لگی ہے۔ حافظ بابا نگر جہاں گررم چیروو کے پانی کے مسلسل اخراج کے سبب پانی کا تیز بہاؤ دیکھا جا رہاہے۔ الجبیل کالونی میں جہاں بارش کے پانی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے وہاں کیچڑ اور گندگی ہر طرف پھیل چکی ہے جو کہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں بھی بدبو تعفن کا سبب بننے کے علاوہ وبائی امراض پھوٹ پڑنے کا خدشہ ہے۔غازیٔ ملت کالونی جہاں الجببیل کالونی سے ہوتا ہوا پانی داخل ہوا تھا اب بتدریج ختم ہونے لگا ہے لیکن اس علاقہ کی صورتحال بھی ویسی ہی ہے جہاں پانی کم ہونے کے بعد پیدا ہونے لگی ہے۔محمدی لائنس ‘ بغداد نگر ‘بغداد کالونی‘ مادھا پور‘ گچی باؤلی کے علاوہ نظام پیٹ کے علاقوں میںبھی کیچڑ اور گندگی کی صفائی نہ ہونے کے سبب صورتحال انتہائی ابتر ہے۔شہر حیدرآباد کے جن علاقوں سے نی کم ہوچکا ہیں ان علاقوں کے عوام کو شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہان کے مکانات میں پانی داخل ہونے کے سبب ان کے گھروں میں موجود سامان مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے اور ن علاقوں میں گھروں کے باہر گاڑیاں‘ موٹر سیکل وغیرہ کھڑی کی گئی تھیں ان علاقوں سے موٹر سیکل بھی بہہ کر کہیں دور چلی گئی ہیں۔گنگا نگر نالہ کے قریب بھی حالات انتہائی برے ہیں لیکن اس علاقہ کے عوام کا بھی کوئی پرسان حال نہیں ہے۔بارش کے پانی میں کمی کے بعد اپنے علاقوں کا دورہ کرنے والے منتخبہ نمائندوں کو عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔شہر کے کئی مقامات رامنتا پور ‘ دومل گوڑہ ‘ امیرپیٹ‘ یاپرال‘ کوکٹ پلی ‘ کرمن گھاٹ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کے پانی کے سبب عوام پریشانیوں میں مبتلاء ہیں اوران علاقوں میں بھی اب تک پانی کا بہاؤ جاری ہے۔