شہر میں جگہ جگہ کچہرے کے انبار ، حکومت پر کے ٹی آر کی شدید تنقید

   

حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : شہر میں جگہ جگہ دکھائی دینے والے کچہرے کے انبار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور سابق وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ٹی راما راؤ نے اس سلسلہ میں لاپرواہی اور تغافل پر کانگریس حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ کل ’ ایکس ‘ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ تقریبا ایک ہزار سو چھ آٹوز جنہیں گھر گھر سے کچہرا حاصل کرنے کے کام پر مامور کیا گیا ہے وہ ان کے فرائض انجام نہیں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سلم علاقوں اور کالونیز میں جگہ جگہ کچہرے کے انبار ہونے کی وجہ مچھروں کی افزائش ہورہی ہے اور لوگ موسمی امراض جیسے ڈینگو ، ملیریا اور اسہال کا شکار ہورہے ہیں ۔ یہ کہتے ہوئے کہ کچہرے کی نکاسی کی بات ایسا معلوم ہوتا ہے کہ صرف کاغذ پر ہے انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی کا جائزہ لینے کے لیے مئیر اور عہدیداروں کی جانب سے اچانک دورہ نہ کرنے سے بھی صورتحال ابتر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے اور شہریوں کی صحت کا تحفظ کیا جانا چاہئے ۔۔