شہر میں جی ایچ ایم سی کے تقریباً بیت الخلاء بند

   

l ایجنٹوں کو کنٹریکٹ دینے کے باوجود دیکھ بھال کا کوئی انتظام نہیں
l مصروف ترین سڑکوں کے کنارے بھی لوگ پیشاب کرنے لگے

جی ایچ ایم سی کے 6 زونس میں 10 ہزار بیت الخلاء کہاں گئے؟

حیدرآباد ۔ 14 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کو اس بات کا اعزاز حاصل ہیکہ سارے ہندوستان میں یہ واحد شہر تھا اور ہے جہاں انڈرگراؤنڈ (زیرزمین) ڈرینج سسٹم پایا جاتا ہے۔ ہمارے اس شہر کو کلین اینڈ گرین یعنی صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب شہر بھی قرار دیا گیا۔ اس معاملہ میں جی ایچ ایم سی کے ساتھ ساتھ کے ٹی راماراؤ کو بھی کریڈٹ جاتا ہے۔ اس بارے میں یہ بتانا ضروری ہوگا کہ شہر کے مختلف مقامات پر آج بھی ایسے افسوسناک مناظر دیکھے جارہے ہیں جہاں مصروف ترین سڑکوں کے کنارے فٹ پاتھ وغیرہ پر لوگ پیشاب کرتے دکھائی دیتے ہیں حالانکہ جی ایچ ایم سی کا دعویٰ ہیکہ اس نے شہر میں سال 2020ء کے دوران 3500 مقامات پر 7400 پبلک ٹائلیٹس (عوامی بیت الخلاء) تعمیر کروائے۔ اگر یہ بیت الخلاء تعمیر کروائے گئے تو آخر وہ اب کہاں گئے ہیں؟ نئے پل اور اطراف و اکناف میں جی ایچ ایم سی نے جو بیت الخلاء تعمیر کرائے تھے وہ بند پڑے ہیں۔ ان پر تالے لگے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس پر طرفہ تماشہ یہ کہ لوگ ان بند بیت الخلاؤں کے قریب ہی پیشاب کرنے لگے ہیں۔ جی ایچ ایم سی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے جو بیت الخلاء تعمیر کروائے یا نصب کئے ان کی دیکھ بھال کا کام ایجنسیوں کے سپرد کردیا گیا ہے تو اب سوال یہ پیدا ہوتا ہیکہ کیا ان ایجنسیوں نے بیت الخلاؤں کی دیکھ بھال کا کام بند کردیا ہے؟ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر، کمشنر بلدیہ، زونل کمشنران بلدیہ اس بارے میں واقف ہیں یا نہیں؟ آپ کو یاد دلادیں کہ جولائی 2020ء میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ جی ایچ ایم سی شہر میں 3000 بیت الخلاء تعمیر کروائے گی یا نصب کروائے گی۔ جی ایچ ایم سی کے 6 زونس کے لحاظ سے ہر زون میں 500 بیت الخلاء نصب کئے جائیں گے پھر بعد میں ایک اور اعلان آیا کہ جنوری 2021ء تک 10 ہزار بیت الخلاء کی تعمیر کی جائے گی اور اس کی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا جس پر سالانہ 25 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ بالفرض یہ بیت الخلاء نصب بھی کئے گئے تو پھر ان کی دیکھ بھال کا کام کونسی ایجنسی انجام دے رہی ہے؟ اور آخر یہ بیت الخلاء کیوں بند پڑے ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ چارمینار زون میں 1034، خیریت آباد زون میں 905 اور سکندرآباد زون میں 1032 بیت الخلاء نصب کئے گئے لیکن ان میں سے اکثر بند پڑے ہیں۔ اس کیلئے کون ذمہ دار ہیں۔ انہیں منظرعام پر لاکر کارروائی کی جانی چاہئے کیونکہ یہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کا معاملہ ہے۔ حفظان صحت سے تعلق رکھتا ہے۔