شہر میں حوالہ ریاکٹ بے نقاب ، ایک کروڑ روپئے ضبط

,

   

حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) شہر میں حوالہ کے ایک بڑے بین ریاستی
ریاکٹ کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے ایک کروڑ سے زائد رقم ضبط کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے بتایا کہ 56 سالہ ایشور ریڈی اپنے ہمراہ 80 لاکھ روپئے نقد رقم گاڑی میں منتقل کررہا تھا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے اشوک بازار گولی گوڑہ کے قریب اسے روک کر تلاشی لی جس کے نتیجہ میں اس کے قبضہ سے نقد رقم برآمد ہوئی۔ تفتیش پر ایشور ریڈی نے کہا کہ وہ اپنے مالک راجکمار جو ڈائنامک ٹولس لمیٹیڈ کا منیجنگ ڈائرکٹر کی ہدایت پر راجیش شرما، پرکاش سنگھ، رام راج پرمار سے عثمان شاہی علاقہ سے رقم حاصل کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ چاروں کا تعلق مدھیہ پردیش، راجستھان اور مہاراشٹرا سے ہے۔ ایشور ریڈی کے انکشاف کے بعد ٹاسک فورس نے دیگر چار افراد کو بھی گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے بھی 21 لاکھ 50ہزار روپئے برآمد کرلئے۔ اس کارروائی میں ٹاسک فورس نے جملہ ایک کروڑ ایک لاکھ 50 ہزار روپئے ضبط کرلئے۔ گرفتار افراد کو ٹاسک فورس نے محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کردیا۔