عوام میں تشویش کی لہر، کمشنر حیڈرا کا بتکماں کنٹہ کا معائنہ
حیدرآباد۔13۔نومبر(سیاست نیوز) شہر میں دوبارہ ’حیڈرا‘ کی انہدامی کاروائیوں کے آغاز اور کمشنر ’حیڈرا‘ اے وی رنگاناتھ کے بتکماں کنٹہ کے معائنہ نے شہریوں میں دوبارہ تشویش پیدا کردی ہے۔ ’حیڈرا‘نے شہر کے نواحی علاقہ ناگارم میں کئے گئے قبضہ جات کو برخواست کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر انہدامی کاروائی کی ہے ۔ کمشنر ’حیڈرا‘ اے وی رنگاناتھ نے عنبر پیٹ میں بتکماں کنٹہ کے علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے موصول ہونے والی شکایات کے متعلق جائزہ لیا۔ کمشنر ’حیڈرا‘ اے وی رنگاناتھ کے دورہ کے دوران بتکماں کنٹہ کے قرب و جوار میں موجود آبادیوں میں بڑے پیمانے پر پولیس بندوبست کئے جانے کے سبب مکینوں میں خوف و ہراس کا عالم پیدا ہوگیا تھا لیکن اے وی رنگاناتھ نے مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں اس بات کا تیقن دیا کہ بتکماں کنٹہ کے تحفظ کے لئے ’حیڈرا‘ کی جانب سے اقدامات ضرور کئے جائیں گے لیکن اس مقصد کے حصول کے لئے مکانوں کو منہدم نہیں کیا جائے گا بلکہ بتکما کنٹہ کے قریب موجود 5 ایکڑ اراضی کا استعمال کرتے ہوئے اس کنٹہ کو محفوظ کیا جائے گا اور بتکماں کنٹہ تک پہنچنے والے پانی کے راستوں کو صاف کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ اس تالاب کو برقرار رکھا جاسکے۔ بتکماں کنٹہ کے بفر زون اور تالاب کے شکم میں کئے گئے قبضہ جات کے سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایات کے متعلق اے وی رنگا ناتھ نے کہا کہ ’حیڈرا‘ کسی مکان کو نقصان پہنچائے بغیر اس تالاب کے تحفظ کے اقدامات کرے گا ۔ کمشنر ’حیڈرا‘ کی جانب سے کئے جانے والے اس اعلان کے بعد اس علاقہ کے مکینوں نے ان سے اظہار تشکر کیا ۔ ’حیڈرا‘ کی جانب سے آج کی گئی کاروائی کے دوران راج سکھ نگر کالونی میں مصروف ترین سڑک پر گذشتہ 15 سال سے موجود ناجائز قبضہ جات کو برخواست کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ ان قبضہ جات کے سلسلہ میں کالونی کے مکینوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر یہ کاروائی کی گئی ہے۔کمشنر ’حیڈرا‘ نے محکمہ مال ‘ محکمہ پولیس کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بتکماں کنٹہ کے تحفظ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کی منصوبہ بندی کریں اور کنٹہ سے متصل 5ایکڑ اراضی کے متعلق تفصیلات ’حیڈرا‘ کے متعلقہ شعبہ کو پیش کرتے ہوئے اپنی منصوبہ بندی سے واقف کروائیں تاکہ ادارہ کی جانب سے کاروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔3