شہر میں خاطر خواہ بارش سے ہوا میں آلودگی کی سطح میں کمی

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 30 جولائی ( سیاست نیوز ) بیشتر حیدرآبادی عوام اب آسانی سے سانس لے سکتے ہیں کیونکہ ہوا میں آلودگی کی سطح میں کمی آئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جولائی کے پہلے ‘ دوسرے اور تیسرے ہفتے میں ہوا میں پائے جانے والے آلودہ اجزاء کی مقدار میں کمی آئی ہے ۔ سارے شہر میں ہوا کے معیار میں بہتری آئی ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ نے یہ بات بتائی ۔ ماہرین کے مطابق گذشتہ دو ہفتوں میں قابل لحاظ بارش کی وجہ سے ہوا کے معیار میں بہتری آئی ہے اور فضاء میں آلودہ اجزاء کی حد گھٹ گئی ہے ۔ ڈاکٹر ڈبلیو جی پرسنا کمار ماہر ماحولیات نے کہا کہ بارش کی وجہ سے ہوا میں پائے جانے والے مضر مرکبات زمین پر پہونچ گئے ہیں اور ان مرکبات کی حد میں کمی آئی ہے ۔ ہوا میں پائے جانے والے مضر صحت مرکبات کے نتیجہ میں صحت کے کئی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اس آلودگی کے نتیجہ میں ڈاکٹرس کے مطابق استھما اور سانس لینے میں دوسری پریشانیوں کا شکار ہونا پڑسکتا ہے ۔ چونکہ اب یہ مرکبات کی مقدار ہوا میں کم ہوگئی ہے اس کے نتیجہ میں سانس لینے کے مسائل میں بھی کمی آسکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ شہر کو چھ حصوں میں تقسیم کرکے ہوا میں ان اجزاء کا جائزہ لیا گیا ہے اور پانچ حصوں میں ان مرکبات کی حد کم پائی گئی ہے ۔ صرف بالانگر علاقہ ایسا رہا جہاں سب سے زیادہ آلودہ مرکبات ہوا میں پائے گئے ہیں۔ چارمینار زون میں بھی ان مرکبات میں کمی آئی ہے ۔