حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر کے علاقہ حیدرگوڑہ میں پیش آئے ایک حالیہ واقع پر جس میں ایک آٹو ڈرائیور ایک گرتے درخت کے نیچے دب گیا تھا ، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کی اربن بائیو ڈائیورسٹی ونگ کے فیلڈ اسٹاف نے ایک جامع ٹری انسپیکشن ( درختوں کے معائنہ کا ) پروگرام شروع کیا ہے ۔ ان کا کام شہر کی اہم سڑکوں اور عوامی مقامات پر موجود درختوں کی مضبوطی کی جانچ کرنا اور کمزور پیٹر اور جڑوں والے درختوں کی نشاندہی کرنا ہے ۔ ایم ایل اے کوارٹرس کے قریب پیش آئے اس حادثہ کی طرح کے واقعات کے تدارک کیلئے یو بی ڈی فیلڈ اسٹاف کو جی ایچ ایم سی کے تمام چھ زونس میں متحرک کیا گیا ہے ۔ اگر کوئی درخت کمزور حالت میں پائے گئے تو فیلڈ اسٹاف کو اس سے متعلق کارروائی کیلئے سینئیر عہدیداروں کو آگاہ کرنا ہوگا ۔۔