تلنگانہ میں درجہ حرارت میں کمی، دو دن کے دوران ہلکی بارش کا امکان
حیدرآباد۔19 نومبر(سیا ست نیوز) شہر میں سردی کی شدت میں رات کے وقت میں اضافہ ہونے لگا ہے اور موسم کی ابتداء کے ساتھ ہی درجہ حرات میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے لیکن دن کے وقت میں بدستور گرمی کی شدت جوں کی توں برقرار ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد میں 20اور 21 نومبر کو ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے جبکہ موسم سرما کے آغاز کے اثرات شہر کے علاوہ شہر کے اطراف کے علاقو ںمیں ابھی سے محسوس کئے جانے لگے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ سری لنکن کوسٹ میں ہواء کے دباؤ میں کمی کے سبب شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے بعض علاقوں میں آئندہ دو یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے ۔شہر حیدرآباد وسکندرآباد میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیں ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور شہر کے نواحی علاقو ںمیں بھی رات کے اوقت میں سردی کی لہر محسوس کی جانے لگی ہے ۔دونوں شہروں کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں جہاں درخت زیادہ ہیں
ان علاقوں میں سردی اور زیادہ ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ گذشتہ دو یوم کے دوران سکندرآباد کے کئی کھلے علاقوں میں درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی سردی کی لہر میں ہونے والے اضافہ اور درجہ حرارت میں گراوٹ کی بنیادی وجہ موسمی تبدیلی ہے اور عالمی سطح پر موسمی تبدیلی کے نمایاں اثرات اب موسموں کی شدت کی صورت میں ہندستان میں بھی محسوس کئے جانے لگے ہیں ۔واضح رہے کہ موسم گرما کے دوران گرمی کی شدت اور موسم باراں کے دوران زبردست بارش ریکارڈ کئے جانے کے بعد اب ملک میں سردی کی لہر میں بھی اضافہ ریکارڈ کئے جانے کی توقع ہے۔بتایا جاتا ہے کہ رات کے آخری پہر میں شہر کے بیشتر مقامات پر اوس اور کہر کے سبب موسم میں نمی پائے جانے لگی ہے اور صبح کی اولین ساعتوں میں شہر کی سڑکیں بھی دھندلی ہونے لگی ہیں ۔محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ صبح کی اولین ساعتوں میں کہر اور اوس سے زیادہ ماحولیاتی اور فضائی آلودگی کے سبب دھندلا دکھائی دینا معمول کی بات ہے لیکن موسم سرما میں اس میں اضافہ بھی ہونے لگتا ہے جس کی بنیادی وجہ سردی اور شبنم ہوتی ہے جو کہ آلودگی کے خاتمہ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے اور فضائی آلودگی دور ہونے لگتی ہے۔