شہر میں دوبارہ لاک ڈاؤن کی افواہیں

,

   

چیف منسٹر کے بیان کی غلط تشریح کی گئی، محکمہ کی وضاحت
کورونا وائرس پر قابو پانے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل

حیدرآباد: ملک میں کورونا وائر س کے متاثرین کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے سبب شہر حیدرآباد میں بھی لاک ڈاؤن کی اطلاعات گشت کرنے لگی ہیں اور عوام میں لاک ڈاؤن کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا جا رہاہے اور کہا جارہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ میں کسی بھی وقت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں محکمہ صحت کے اعتبار سے کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے اورحالات قابو میں ہیں لیکن گذشتہ یوم چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے کہے گئے الفاظ کی بنیاد پر کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ میں دوبارہ کورونا وائرس کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤنکیا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے گذشتہ یوم ذرائع ابلاغ کے نمائندو ںسے بات چیت کے دوران کہا تھا شہریوں کو کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر عمل کرنا چاہئے ۔ انہو ں نے واضح طور پر یہ کہا کہ کورونا وائرس کے خدشات اب بھی برقرار ہیں اسی لئے گہما گہمی سے اجتناب کیا جائے اور پر ہجوم مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے۔ چیف منسٹر کی جانب سے یہ کہا گیا تھا کہ اگر شہریوں کی جانب سے بے احتیاطی کی جاتی ہے تو ایسی صور ت میں لاک ڈاؤن کرنا پڑسکتا ہے اور حکومت نہیں چاہتی کہ دوبارہ ایسی نوبت آئے اسی لئے دوسری لہر کے دوران احتیاط کیاجانا چاہئے ۔ سرکاری گوشوں اور محکمہ جات کی جانب سے لاک ڈاؤن کی اطلاعات کو غیر درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ جا رہاہے کہ چیف منسٹر کی جانب سے جو کہا گیا ہے اس کا غلط مطلب نکالا جا رہاہے اور نئے لاک ڈاؤن کے سلسلہ میں ریاستی سطح پر کسی قسم کی کوئی بات نہیں کی جا رہی ہے بلکہ حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائر س کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مستحکم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔