محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش قیاسی واپس لے لی
حیدرآباد : شہر حیدرآباد میں آج دن بھر موسم خوشگوار رہنے اور دن بھر دھوپ رہنے کے سبب شہریو ںنے بالخصوص نشیبی علاقو ںمیں رہنے والے مکینوں کے علاوہ تالابوں کے قریب رہنے والوں نے سکون کی سانس لی ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے اضلاع کے لئے جاری کئے گئے انتباہ سے بھی دستبرداری اختیار کرلی ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 5یوم کے دوران کوئی بارش نہیں ہوگی بلکہ مطلع صاف رہے گا اور دن کے اوقات میں دھوپ ریکارڈ کی جائے گی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے گذشتہ یوم اس بات کی پیش قیاسی کی گئی تھی کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں موسلا دھار بارش کے خطرات ٹل چکے ہیں اور آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جائے گی لیکن آج دن میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف و اکناف کے اضلاع میں مطلع صاف ہوچکا ہے اور کسی بھی مقام پر موسلا دھا ر یا ہلکی بارش کے بھی امکانات نہیں ہیں۔ دونوں شہرو ںمیں خلیج بنگال میں ہوا میں کمی کے سبب گذشتہ 10 یوم سے جاری بارش کے سلسلہ سے تباہ کن صورتحال پیدا ہوچکی تھی اور شہر حیدرآباد کے کئی علاقوںکو سیلاب کا سامنا کرنا پڑاتھا اور مسلسل ہلکی اور تیز بارش کے سبب راحت کاری کاموں اور اقدامات پر بھی اثر ہونے لگا تھا لیکن آج دن بھر مطلع صاف رہنے اور دھوپ رہنے کے سبب حالات معمول پر آنے لگے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقو ںمیں مکمل صفائی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔