شہر میں دہشت گردانہ حملوں کے خدشوں کا اظہار ‘ مخصوص محلہ جات پر نظر

   

چنچلگوڑہ جیل میں سازش تیار کرنے کی اطلاعات بے بنیاد۔ ڈائرکٹر جنرل محابس سومیا مشرا کا ردعمل
حیدرآباد۔21فروری(سیاست نیوز) حیدرآباد میں دہشت گردانہ حملہ کا خدشہ ہے! شہر میں دہشت گرد سرگرم ہونے لگے ہیں! چنچل گوڑہ جیل میں قید دہشت گردی کے الزامات کا سامنا کرنے والوں سے ملاقات کرنے والوں نے شہر حیدرآباد میں دہشت گردانہ کاروائیاں انجام دینے کی منصوبہ بندی کی ہے!اس طرح کی اطلاعات کے ذریعہ عوام میں خوف و ہراس پیدا کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کے بعض مخصوص محلہ جات پر خصوصی نظر رکھے جانے کی اطلاعات ملی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی ہی نہیں بلکہ مرکزی خفیہ ایجنسیاں بھی ریاستی ایجنسیوں کے ساتھ کام کرکے پرانے شہر کے علاقوں و نوآبادیاتی علاقوں پر توجہ مرکوز کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ موسیٰ رام باغ ‘ ملک پیٹ ‘ سعید آباد علاقوں پر جہاں خفیہ ایجنسیاں ہمہ وقت سرگرم رہتی ہیں انہو ںنے اپنی فہرست میں راجندرنگر و ٹولی چوکی کے بعض علاقوں کو بھی شامل کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ شدت پسند ذہنیت کے حامل نوجوانوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ان علاقوں کو بھی شامل کیاگیا ہے۔ خفیہ ایجنسیوں کے دعوے کے مطابق چنچل گوڑہ میں قید دہشت گردی کے الزامات کا سامنا کرنے والوں سے جیل میں ملاقات کرنے والوں کی جانچ کے بعد چوکسی اختیار کی گئی ہے جبکہ غیر سرکاری تنظیموں کا کہناہے موجودہ حالات میں حکومتیں اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے اقلیتی نوجوانوں کو دہشت گردی کے مقدمات میں ماخوذ کرنے کی سازش کررہی ہے تاکہ حکومت کی ناکامیوں کی پردہ پوشی کی جائے اور ملک کے مختلف شہروں میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے اور مساجد کے قریب ہنگامہ آرائیوں و امن و ضبط کی برقراری میں ناکامی کو چھپانے اب مظالم کا شکار اقلیتوں کو ہی ملزم قرار دینے کی کوششیں کی جانے لگی ہیں۔خفیہ ایجنسیوں کے دعوؤں میں کہا جا رہا ہے کہ دہشت گردی کے الزامات میں ماخوذ افراد سے جیل میں ملاقات کے بعد شہر میں دہشت گردانہ حملوں کی سازش تیار کی گئی ہے۔ ملک میں خفیہ ایجنسیوں کی اطلاعات کے نام پر ان خبروں کی پولیس کے کسی اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے توثیق تو نہیں کی گئی لیکن ڈائرکٹر جنرل پولیس محابس تلنگانہ محترمہ سومیا مشرا آئی پی ایس نے چنچل گوڑہ میں لشکر طیبہ کی سازش تیار کئے جانے کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ ملک بھر کے میڈیا میں چلائی جانے والی دہشت گردانہ حملوں کی سازش کی اطلاعات چنچل گوڑہ جیل میں تیار کئے جانے کی خبریں مکمل بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر میں دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کے سلسلہ میں جو خبریں چلائی جا رہی ہیں ان میں یہ دعویٰ کیا جا رہاہے کہ چنچل گوڑہ جیل میں یہ سازش تیار کی گئی جو کہ درست نہیں ہے۔ محترمہ سومیا مشرا نے کہا کہ ایسی خبروں کے ساتھ ہی ابتدائی تحقیق کو مکمل کرنے کے بعد یہ بات کہہ رہی ہیں کہ جیل میں ایسی کوئی سازش کی گنجائش نہیں ہے ۔ ذرائع کے مطابق مرکزی خفیہ ایجنسیوں نے ملک کے دارالحکومت میں بھی دہشت گردانہ کاروائیوں کا خدشہ ظاہر کرکے ہائی الرٹ جاری کیا ہے اور ان اطلاعات کو بھی چنچل گوڑہ جیل سے جوڑا جانے لگا ہے۔3