مجلسی رکن اسمبلی و امیدوار کے مخالف امیدواروں پر حملے ۔ امجد اللہ خالد کو 3 گھنٹے محروس رکھا گیا
حیدرآباد : /30 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ انتخابات کے دوران شہر میں بعض مقامات پر کشیدگی دیکھی گئی اور مجلسی رکن اسمبلی اور ایک مجلسی امیدوار نے کانگریس امیدواروں پر حملہ کیا ۔ حلقہ ملک پیٹ کے کانگریسی امیدوار شیخ اکبر رائے دہی ختم ہونے پر ڈاکٹر ذاکر حسین کالونی کمیونٹی ہال پہنچ کر ڈیوٹی حکام سے رائے دہی کے متعلق تفصیلات حاصل کرنے پہنچے تھے کہ مجلسی رکن اسمبلی ملک پیٹ احمد بلعلہ اور ان کے حامیوں نے ان کی موجودگی پر اعتراض کرکے اچانک حملہ کردیا ۔ رکن اسمبلی ملک پیٹ نے اپنے حامیوں طیب اور شجاع و دیگر کے ہمراہ شیخ اکبر پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا ۔ اس واقعہ کے دوران پولیس فوری حرکت میں آکر ہجوم کو منتشر کرنے لاٹھی چارج کیا اور بعد ازاں کانگریس امیدوار کو وہاں سے محفوظ روانہ کردیا ۔ شیخ اکبر نے مجلسی رکن اسمبلی احمد بلعلہ اور مجلسی کارکنوں کے خلاف پولیس اسٹیشن سعیدآباد میں شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ اسی طرح حلقہ چارمینار کے مجلسی امیدوار میر ذوالفقار علی نے 12 گلی ماڈرن ہائی اسکول کے قریب اپنے حامیوں کے ہمراہ پہنچ کر آزاد امیدوار امان اللہ شریف جو کانگریس امیدوار مجیب اللہ شریف کے بھتیجے ہیں اور دیگر پر حملہ کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد بارہ گلی میں کشیدگی پھیل گئی جس کے نتیجہ میں حسینی علم کی خاتون سب انسپکٹر جی پرینکا نے از خود کارروائی کرکے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس پر میرذوالفقار علی ، رحیم اور دیگر کے خلاف پولنگ اسٹیشن کے 100 میٹر دائرہ کے قوانین کی خلاف ورزی پر تعزیرات ہند کی دفعہ 160 ، 171(C) ، 506 اور 149 کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ۔ جمعرات کو رائے دہی کے موقع پر علاقہ میں مجلسی کارکنوں کی جانب سے پتنگ کے نشان کے ووٹر سلپس کی تقسیم پر اعتراض کرنے والے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار جناب امجد اللہ خان خالد کو رین بازار پولیس نے حراست میں لے لیا اور ٹاسک فورس کی نگرانی میں پرانی حویلی کے پولیس کمشنر آفس منتقل کیا ۔ امجد اللہ خان کو تین گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا ۔ اسی طرح پولیس نے مجلس کے کشن باغ ڈیویژن کے کارپوریٹر حسینی پاشاہ اور حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے انچارج یاسر عرفات کو بھی حراست میں لے کر انہیں پرانی حویلی کے دفتر منتقل کیا ۔ رائے دہی کے اختتام سے قبل نامپلی کے علاقہ افضل ساگر میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر مجلسی امیدوار ماجد حسین کو ٹاسک فورس پولیس نے حراست میں لے لیا اور حبیب نگر پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔