راجندر نگر سرد ترین مقام ۔ آصف آباد میں13.1 ڈگری درجہ حرارت
حیدرآباد۔ 5 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) شہر میں رات کے درجہ حرارت میں مسلسل کمی آتی جا رہی ہے ۔ اتوار کی اولین ساعتوں میں شہر میں بحیثیت مجموعی اقل ترین درجہ حرارت 17.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت راجندر نگر میں 16 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے بموجب شہر میں کئی مقامات پر درجہ حرارت میں مزید دو ڈگری کی کمی ہوسکتی ہے ۔ سکندرآباد ‘ خیریت آباد ‘ چارمینار ‘ اپل اور ایل بی نگر علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی آسکتی ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت آئندہ تین دنوں میں امکان ہے کہ 30 تا 32 ڈگری کے درمیان رہے گا ۔ اس دوران ریاست میں کئی مقامات پر رات کا درجہ حرارت 15 ڈگری سلسئیس سے بھی کم ہوگیا ہے ۔ اتوار کو کمارم بھیم آصف آباد میں ریاست کا اقل ترین درجہ حرارت 13.1 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ۔ عادل آباد ‘ سنگاریڈی ‘ رنگا ریڈی ‘ نرمل اور میدک میں درجہ حرارت امکان ہے کہ آئندہ دو دنوں میں مزید کم ہوگا ۔ شہر میں اقل ترین درجہ حرارت والے علاقوں میں راجندر نگر 16 ڈگری ‘ پٹن چیرو 16.2 ڈگری ‘ سکندرآباد 16.6 ڈگری ‘ حیات نگر 17 ڈگری اور چندا نگر 17.1 ڈگری شامل ہیں۔