اہل خیر اصحاب سے فراخدلانہ تعاون کرنے صدر تنظیم جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ کی اپیل
حیدرآباد :۔ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ نے شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں کو جاریہ صدی کا سب سے بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سیلاب کو قومی آفت سماوی تصور کرتے ہوئے بڑے پیمانہ پر ریلیف اور باز آبادکاری کے کام انجام دئیے جانے چاہیں اور اس معاملہ میں مرکزی حکومت کو فوری فراخدلانہ امداد کا اعلان کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سیلاب نے شہر میں تباہی و بربادی کی ایک داستان رقم کی ہے ۔ ان حالات میں کل ہند مجلس تعمیر ملت متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سب سے پہلے میدان میں اتری ہے ۔ جناب سید جلیل احمد نے کہا کہ اس قدر بڑے پیمانہ پر تباہی ہوئی ہے کہ اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے ۔ شہر کی بے ہنگم ترقی اور آبادی میں بے تحاشہ اضافہ کے نتیجہ میں تباہی کا اثر بھی زیادہ ہوا ہے ۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسی قدر بڑے پیمانہ پر انفرادی و اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ سب یک جٹ ہو کر ریلیف کا کام انجام دے سکیں ۔ ریلیف کا کام مکمل ہونے اور متاثرین کے اپنے گھروں کو لوٹ جانے کے بعد اس سے بھی بڑا کام ان میں اعتماد کی بحالی اور ان کی باز آبادکاری کا ہے تاکہ وہ پھر سے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے قابل بن سکیں ۔ تعمیر ملت بہت جلد چھوٹے موٹے کاروبار کرنے والوں اور یومیہ روزی کمانے والوں کو اپنا کام کاروبار دوبارہ شروع کرنے کے لیے مناسب حکمت عملی تیار کرے گی ۔ تعمیر ملت اس مسئلہ کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے اور یہ کام ملت کا درد رکھنے والی شخصیتوں کے عملی و رقمی تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔ جو اصحاب عملی کام اور خدمت کرنے کے اہل ہیں وہ اس کام میں تنظیم سے جٹ جائیں اور جو یہ نہیں کرسکتے وہ کم از کم رقمی تعاون کے ذریعہ اپنا حصہ ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عطیات تعمیر ملت کے اکاونٹ میں جمع کروائیں ۔ الہ آباد بینک (213) کنگ کوٹھی برانچ ، حیدرآباد ۔ آل انڈیا تعمیر ملت ، اکاونٹ نمبر 20151261619
۔ آئی ایف ایس سی کوڈ
ALLA 0210213
۔ یا معتمد عمومی ڈاکٹر یوسف حامدی سے فون نمبر
9848089126 پر ربط کریں ۔ جناب جلیل احمد نے مزید کہا کہ اس وقت لوگوں کو غذا ، پانی ، ادویات ، کپڑوں اور بلانکٹس کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کارپوریٹ اداروں اور صنعتی و تجارتی گھرانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نیک مقصد کے لیے آگے آئیں اور اپنے CSR فنڈز کا بڑا حصہ متاثرین کی باز آبادکاری اور ان کے کاروبار پھر سے شروع کرنے کے لیے عطیہ دیں ۔۔
بی ایس این ایل ری کنکشن میلہ
حیدرآباد :۔ اسسٹنٹ جنرل منیجر بی ایس این ایل کے بموجب ری کنکشن میلہ 16 تا 30 اکٹوبر تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ دوران میلہ ایسے کسٹمرس استفادہ کرسکتے ہیں جن کے کنکشن کو ادائیگی میں تاخیر یا پھر عدم ادائیگی کے باعث کنکشن کو منقطع کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بی ایس این ایل کے گاہکوں سے استفادہ کی خواہش کی ہے ۔۔