حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : شہر میں کس علاقہ کے لوگ صاف ہوا میں سانس لیتے ہیں اور کہاں انہیں آلودہ ہوا میں سانس لینا پڑتا ہے ۔ یہ شاہ میر پیٹ نہیں ہے یا بالا نگر یا جیڈی میٹلہ کے صنعتی علاقے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ (TSPCB) کے ڈیٹا کے مطابق حیدرآباد میں سب سے زیادہ صاف ہوا راجندر نگر میں ہے جب کہ سب سے زیادہ آلودگی والا علاقہ نہرو زوالوجیکل پارک ہے ۔ پی سی بی کے ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ راجندر نگر میں جہاں کئی مشہور ادارے ہیں جیسے پروفیسر جئے شنکر تلنگانہ اسٹیٹ اگریکلچرل یونیورسٹی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف رورل ڈیولپمنٹ گذشتہ سال ایر کوالٹی انڈیکس (AQI) سطح ’ اچھی ، یا اطمینان بخش رہی ۔ 0 تا 50 کی اے کیو آئی سطح کو اچھے زمرہ میں شمار کیا جاتا ہے جب کہ 51 تا 100 کو اطمینان بخش اور 101 تا 200 ماڈریٹ کے تحت آتی ہے ۔ 201 تا 300 ناقص اور 301 تا 400 بہت ناقص زمرہ میں شمار ہوتی ہے ۔ 400 سے زائد شدید زمرہ میں آتی ہے ۔ آلودگی میں اضافہ کو عام طور پر گاڑیوں کی آمد و رفت میں اضافہ اور تعمیراتی سرگرمیوں سے منسوب کیا جاتا ہے جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے لیکن راجندر نگر میں یہ کم ہے اس کے علاوہ اس علاقہ میں شہر کے دیگر علاقوں کے مقابل گرین کور بہت ہے ۔ جب کہ زو پارک علاقہ میں زیادہ ٹریفک ہوتی ہے جس میں شہر کے باہر مقامات کو جانے والوں کی گاڑیاں بھی شامل ہیں اور وہاں صنعتیں بھی ہیں اس طرح زو پارک علاقہ گذشتہ سال فضائی آلودگی کے اعتبار سے ناقص زمرہ میں تھا ۔ اس کے علاوہ حیدرآباد یونیورسٹی ، اپل ، جوبلی ہلز ، ایم جی بی ایس ، کوکٹ پلی ، اور چارمینار جیسے علاقوں میں اے کیو آئی سطح زیادہ ہے جہاں گاڑیوں کی آمد و رفت زیادہ رہتی ہے ۔۔