آئندہ چند دن سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی ۔ کئی علاقوں میں درجہ حرارت کم
حیدرآباد 13 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر میں سردی کی لہر کے ساتھ ہیٹر کے استعمال کا چلن شروع ہوچکا ہے اور نواحی علاقوں میں موجود شادی خانوں میں تقاریب کے دوران سردی پر قابو پانے ہیٹروں کا استعمال کیاگیا ۔دونوں تلگو ریاستوں میں سردی کی لہروں کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ’آرینج الرٹ‘ جاری کردیا اور پیش قیاسی میں کہاگیا کہ تلنگانہ و آندھراپردیش کے بیشتر اضلاع میں جلد سردی سے راحت کے امکانات موہوم ہیں۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت ایک ہندسہ میں پہنچ چکا ہے اور کئی مقامات پر 10 ڈگری سے بھی کم ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ حیدرآبادو سکندرآباد کے اطراف کے نواحی علاقوں میں درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ آرہی ہے اور آئندہ چند یوم میںدرجہ حرارت میں مزید 3تا4 ڈگری گراوٹ کا خدشہ ہے ۔ محکمہ موسمیات سے ’آرینج الرٹ کے بعد شہر کے نواحی علاقہ معین آباد میں درجہ حرارت 6.3 ریکارڈ کیاگیا جبکہ ابرہیم پٹنم میں درجہ حرارت 7.6 ڈگری ریکارڈ کیاگیا ۔ تلنگانہ میں سب سے کم درجہ حرارت سنگاریڈی میں 6.1 ریکارڈ کیاگیا جبکہ رنگاریڈی میں 6.3 ‘ وقارآباد میں 6.6‘ کمرم بھیم آصف آباد میں 6.8‘ میدک میں 8.2‘ سدی پیٹ میں 8.3 عادل آباد میں 8.5اور کاماریڈی میں 8.6 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ہے۔گذشتہ شب اور ہفتہ کی علی الصبح مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے حدود شیرلنگم پلی میں 7.5 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا جبکہ مولیٰ علی میں 8.1 ڈگری ریکارڈ کیاگیا راجندر نگر میں 8.9‘ بی ایچ ای ایل میں 9.3‘ شیورام پلی میں 9.3‘ گچی باؤلی میں 9.7‘ الوال میں 10 ڈگری ریکارڈ کیاگیا ہے۔ قطب اللہ پور‘ کاپرا‘ شیخ پیٹ ‘ بہادرپورہ‘ نریڈمٹ‘ بیگم پیٹ میں کے علاقوں میں 10 ڈگری تا 12 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور مہدی پٹنم‘ ترملگیری ‘ ایل بی اسٹیڈیم ‘ چارمینار حمایت نگر اور جوبلی ہلز میں 12 ڈگری اور 13ڈگری سے کم ریکارڈ کیاگیا ہے۔ گذشتہ شب شہر کے نواحی علاقوں میں شادی خانوں میں تقاریب کے دوران میزبانوں نے مہمانو ں کیلئے جو کھلے میں بیٹھنے والے تھے ہیٹرس کی تنصیب کے ذریعہ سردی کی لہروں کو کم کرنے کی کوشش کی۔3