شہر میں سوائن فلو نے پھر سر اُٹھایا

   

گاندھی ہاسپٹل میں کئی مریضوں کی جانچ پر تصدیق ، چوکسی ضروری
حیدرآباد 8 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر میں اچانک تبدیلیٔ آب و ہوا کی وجہ سے سوائن فلو نے پھر سے سر اُٹھایا ہے۔ فی الحال گاندھی ہاسپٹل میں سوائن فلو کی علامات سے 5 افراد کو شریک کیا گیا ہے جن میں سے دو مریضوں کو سوائن فلو کی تصدیق بھی ہوئی ہے اور مابقی تین مریضوں میں سوائن فلو کی علامات کی وجہ سے اُن کے خون کو جانچ کے لئے لیاب روانہ کیا گیا ہے اور یہ تمام مریض شہر کے مضافاتی علاقوں کے رہنے والے ہیں۔ واضح ہوکہ جاریہ سال کے آغاز سے اب تک 100 سوائن فلو کے مریضوں کا علاج کیا گیا اور مرض شدت اختیار کرنے کے بعد دواخانہ میں شریک ہونے والے 23 مریضوں کی اموات واقع ہوگئی تھیں جبکہ عام طور پر نومبر تا فروری کے دوران سوائن فلو سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں لیکن امسال ماہ جنوری میں 18 ، فروری میں 30، مارچ میں 28 اور اپریل میں 13 سوائن فلو سے متاثرہ مریض زیرعلاج رہے اور مذکورہ 4 ماہ میں 13 افراد فوت ہوگئے اور آئندہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے اندیشوں کی وجہ گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے چوکسی اختیار کرلی ہے اور ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ سردی میں شدت کے ساتھ ہی سوائن فلو وائرس اپنے شباب پر ہوتا ہے لہذا خاص کر چھوٹے بچوں، معمر افراد اور حاملہ خواتین کے معاملہ میں سخت احتیاطی اقدامات کرنے پر ڈاکٹرس نے زور دیا ہے۔بخار، سر درد، گلے میں درد، بدن میں درد، ناک اور آنکھوں سے پانی بہنا وغیرہ لاحق ہونے پر بغیر کسی تساہل فوری طور پر ڈاکٹرس سے رجوع ہونا چاہئے۔ قارئین اس بات کو ذہن نشین کرلیں کہ گاندھی ہاسپٹل کو سوائن فلو کے علاج کے لئے نوڈل سنٹر کی حیثیت سے تبدیل کیا گیا ہے اور یہاں پر 30 بیڈس کے ذریعہ خصوصی وارڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے لہذا ڈاکٹرس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوائن فلو کی علامات نظر آتے ہی فوری طور پر یہاں آکر تشخیص کروالیں جبکہ بہت سارے مریض خانگی دواخانوں میں وقت اور پیسہ برباد کرنے کے بعد آخری وقت میں گاندھی ہاسپٹل سے رجوع ہورہے ہیں۔ اس کے بجائے مریض فوری طور پر گاندھی ہاسپٹل سے رجوع ہوں۔