حیدرآباد 11 فروری (این ایس ایس) جی ایچ ایم سی کے کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ معیاری زندگی کے اعشاریہ کے بارے میں مرکز کی طرف سے کئے جانے والے سروے میں حصہ لیں تاکہ اس شہر کے رینک کو بہتر بناتے ہوئے موجودہ تیسرے سے آگے بڑھتے ہوئے پہلا رینک دلایا جاسکے۔ ’میرا شہر میرا فخر‘ شہری سروے 29 فروری تک جاری رہے گا۔ اُنھوں نے شہریوں پر زور دیا کہ بہتر رینکنگ کے لئے مثبت معلومات فراہم کی جائیں۔ کیوں کہ شہریوں کے جواب سے ملنے والی معلومات اور اس کو ملنے والے رینک کی بنیاد پر ہی شہروں کے لئے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ ہوتا ہے۔ مرکزی حکومت بہتر سہولتوں پر مبنی معیار زندگی کے اعشاریہ اور میونسپل کارکردگی اعشاریہ 2019 ء کے تحت 100 اسمارٹ شہروں میں تفصیلات کے حصول کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سروے میں صحت، ہنگامی خدمات، ٹرانسپورٹ، روزگار، برقی، آبرسانی، تعلیم، خواتین کا تحفظ ، کرایہ مکان، ماحولیات وغیرہ جیسی بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔