شہر میں سیلاب کے تدارک کیلئے حیڈرا ٹیمس سے نالوں کی صفائی

   

حیدرآباد ۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) حیڈرا کی جانب سے شہر میں نالوں کی صفائی کے کام انجام دیئے گئے تاکہ بارش کے دوران نالوں میں رکاوٹ کے باعث سیلاب کی صورتحال پیدا نہ ہونے پائے۔ 150 مانسون ایمرجنسی ٹیمس اور 51 ڈیزاسٹر رسپانس فورس یونٹس نے شہر میں نالوں سے کئی ٹن مٹی، پلاسٹک ملبہ اور کچرے کی صفائی کی۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے کہا کہ نالوں اور موریوں کی صفائی کی اس مہم میں ان مقامات پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے جہاں پانی جمع ہونے اور سیلاب کے خدشات پائے جاتے ہیں۔ مدھورانگر، کرشنا نگر (یوسف گوڑہ) اور جناردھن ریڈی نگر (گچی باؤلی) میں بارش کے پانی کی نکاسی کے نالوں سے بڑی مقدار میں مٹی، پلاسٹک، کچرے کی صفائی کی گئی۔ کاپرا سرکل کے وارڈ نمبر ۔ 2 میں مارکنڈیہ کالونی میں نالوں سے مٹی اور کچرے کو نکالتے ہوئے صفائی کی گئی۔ ایل بی نگر میں بھی نالہ کی صفائی کی گئی۔ عہدیداروں نے کہا کہ بعض علاقوں میں کچرے کے ڈھیر کے نیچے نالوں کے نشانات غائب ہوگئے ہیں۔ حیڈرا کے عہدیداروں نے کہا کہ بارش کے نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیلاب کے تدارک کیلئے یہ کام کئے جارہے ہیں۔ ٹیمس جی ایچ ایم سی کے حدود میں مستعدی کے ساتھ یہ کام انجام دے رہی ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق ان کاموں سے شہر میں سیلاب کی صورتحال کا خطرہ کم سے کم ہوگا۔