شہر میں سیلر کی کھدوائی پر مانسون کے اختتام تک پابندی

   

پہلے سے موجود سیلروں میں حفاظتی اقدامات کرنے کمشنر بلدیہ کی ہدایات

حیدرآباد۔2جولائی (سیاست نیوز) شہر میں سیلر کی کھدوائی کے عمل پر مانسون کے اختتام تک کیلئے پابندی عائد کی جاچکی ہے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں جن مقامات پر تعمیری کام کے دوران سیلر کی کھدوائی مکمل کی جاچکی ہے ان مقامات پر حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کے لئے احکام جاری کئے جا چکے ہیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر داناکشور کی جانب سے جاری کردہ احکام کے مطابق مانسون کے دوران کسی بھی مقام پر سیلر کی کھدوائی کی اجازت حاصل نہیں رہے گی اور نہ ہی کھدوائی مکمل کرنے والے سیلرس میں تعمیری سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت رہے گی۔ مسٹر دانا کشور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں تمام عہدیداروں کو ہدایات دی گئی ہے کہ وہ جی ایچ ایم سی حدود میں موجود تمام مخدوش عمارتوں کے انہدام کو یقینی بنائیں اور ان انہدامی کاروائیوں کو انجام دینے میں کوئی کوتاہی نہ کریں کیونکہ مخدوش عمارتوں کے منہدم ہونے سے جو صورتحال پیدا ہوگی اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ان عمارتوں کا تخلیہ کرواتے ہوئے انہیں منہدم کردیا جائے۔ علاوہ ازیں تعمیری سرگرمیو ں اگر کسی مقام پر سیلر کی اجازت دی گئی ہے اور اور ابھی سیلر کی کھدوائی باقی ہے تو ایسی صورت میں اس کھدوائی کو مانسون کے اختتام تک مؤخر کردیا جائے تاکہ سیلر کی کھدوائی کے دوران کوئی حادثہ نہ ہواسی طرح جن عمارتوں کے لئے سیلر کی کھدوائی مکمل کرلی گئی ہے وہاں جی ایچ ایم سی قوانین کے مطابق حفاظتی اقدامات کیا جانا لازمی ہوگا۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے لئے جاری کردہ کمشنرجی ایچ ایم سی کے اس اعلامیہ میں اس بات کی بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مانسون کے دوران جاری تعمیراتی سرگرمیو ںپر خصوصی نگاہ رکھیں اور جن مقاما ت پر حفاظتی امور کا خیال نہیں رکھا جا رہاہے ان تعمیراتی مقامات کو دیئے جانے والے تعمیری اجازت ناموں کو منسوخ کرنے سے بھی گریز نہ کریں کیونکہ جی ایچ ایم سی کی ترجیحات میں شہریوں کی حفاظت اور شہر میں انجام دی جانے والی تعمیرات میں کوئی غیر قانونی تعمیرنہ ہونا شامل ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے مختلف گوشوں سے سیلر کی کھدوائی اور بعض مقامات پر مانسون کے دوران غیر مجاز تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھے جانے کی شکایات موصول ہونے کے بعد یہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے عہدیدارو ں کو سخت کاروائی کی ہدایت جاری کی ہے ۔