شہر میں عصری ٹریفک سگنل نظام ‘ ڈیجیٹل سگنلنگ سسٹم متعارف

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 2 جولائی (سیاست نیوز) شہر میں ٹریفک سگنل سسٹم کو عصری بناتے ہوئے حیدرآباد ٹریفک پولیس نے ڈیجیٹل سگنلنگ سسٹم متعارف کیا ہے۔ شہر کے پاش اور مصروف ترین علاقہ بنجارہ ہلز کے بی آر پارک جنکشن پر ڈیجیٹل سگنل سسٹم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں سڑک پر لال، ہرا اور زرد رنگ سڑک کے اسٹاپ لائن پر آجاتا ہے۔انسپکٹر بنجارہ ہلز ٹریفک پولیس اسٹیشن بی پرساد راؤ نے بتایا کہ دونوں شہروں میں ٹریفک سگنل کو عصری بنانے کے لئے ٹریفک پولیس سنجیدگی سے کام کررہی ہے جس کے تحت سگنلنگ سسٹم کو مستحکم کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈیجیٹل سگنلنگ سسٹم کے تحت سڑک پر ’’سگنلنگ ایکٹیویٹیڈ اسٹاپ لائن‘‘ سسٹم قائم کیا گیا ہے اور اِس سسٹم کے ذریعہ سڑک پر ایل ای ڈی نصب کی جارہی ہے۔ اِس سسٹم سے سڑک پر ہری اور لال لائٹ دن کے اوقات میں بھی واضح طور پر نظر آجاتی ہے اور سگنل جمپ کرنے پر سی سی ٹی وی کیمروں میں آسانی سے ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کی آسانی سے نشاندہی کی جاسکتی ہے۔ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ نئے سسٹم کے متعارف کرنے پر سگنل جمپ کے واقعات میں واضح کمی کا امکان ہے۔ بنجارہ ہلز میں تجرباتی طور پر اس عصری سسٹم کا آغاز کیا گیا اور دوسرے مرحلہ میں جوبلی ہلز چیک پوسٹ پر اِس سسٹم کو متعارف کیا جائے گا۔