حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) شہر میں بیرونی ممالک کے باشندے جو ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود بھی غیر قانونی طور پر مقیم ہیں کے خلاف خصوصی مہم چلائی گئی جس میں کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ بیورو آف ایمیگریشن، اسپیشل برانچ اور مقامی پولیس کی مدد سے ٹاسک فورس ٹیموں نے آج صبح کی اوّلین ساعتوں میں علاقہ گولکنڈہ، بنجارہ ہلز اور ہمایوں نگر میں کئی اپارٹمنٹس اور مکانات کی تلاشی لی جہاں پر نائجیریا، شام اور دیگر ممالک کے باشندے مقیم ہیں۔ اِس کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم بیرونی باشندوں کو ایک شادی خانہ منتقل کیا گیا جہاں اُن کی کونسلنگ کی گئی اور اُن کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔ جولائی میں دوسری مرتبہ اِس قسم کی خصوصی مہم چلائی گئی۔
