حیدرآباد 8 اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں غیر مجاز پارکنگ کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے آج ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک انیل کمار نے اِس اجلاس کی صدارت کی اور تمام ٹریفک پولیس عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ اِس موقع پر انیل کمار نے کہاکہ دونوں شہروں میں گاڑیوں کی غیر مجاز پارکنگ کے نتیجہ میں ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا ہورہا ہے بالخصوص تجارتی اداروں کے سامنے گاڑیوں کی پارکنگ سے ٹریفک کے سنگین مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ انیل کمار نے ٹریفک پولیس عہدیداروں کو یہ ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں غیر مجاز پارکنگ پر توجہ مرکوز کریں اور تجارتی اداروں کے سامنے پارک کی ہوئی گاڑیوں کے فوٹو لے کر اُن پر بھاری چالانات عائد کریں۔ انہوںنے کہاکہ پیر کے دن سے غیر مجاز پارکنگ کے خلاف خصوصی مہم چلائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
