حیدرآباد ۔ /31 مارچ (سیاست نیوز) ساؤتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے فلک نما ڈیویژن کی کرائم ٹیم کے ساتھ ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا جن پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف گزشتہ دنوں جاری احتجاجوں سے متاثر ہوکر شہر میں مبینہ طور پر فساد برپا کرنے کی کوشش کی ۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ 22 سالہ ارشد اور اس کا ساتھی 20 سالہ عبدالوسیع جن کا تعلق پرانے شہر سے بتایا جاتا ہے نے مادنا پیٹ میں واقع ایک مندر میں آگ لگانے کی کوشش کی تھی ۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سی اے اے اور این آر سی کے خلاف مسلسل احتجاجی مظاہروں سے متاثر نوجوانوں نے دہلی کی طرز پر شہر میں مبینہ طور پر فساد برپا کرنے کی کوشش کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ نوجوانوں نے پرانے شہر کے علاقہ کنچن باغ میں ایک آر ٹی سی بس کو نذرآتش کرنے کی کوشش کی جبکہ چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن حدود میں ایک اے ٹی ایم کو نقصان پہونچایا اور مادنا پیٹ علاقہ میں ایک مندر کو بھی نقصان پہونچایا ۔ پولیس نے بتایا کہ ارشد اور عبدالوسیع نے مذکورہ وارداتیں انجام دینے کے بعد اچانک لاپتہ ہوگئے تھے ۔ ٹاسک فورس نے فلک نما پولیس کی مدد سے یہ کارروائی انجام دی ۔