شہر میں فٹ پاتھ پر قبضوں کا سلسلہ جاری، جی ایچ ایم سی کی چوکسی کے دعوے کھوکھلے

   

حیدرآباد /15 اگست ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میں فٹ پاتھ پر قبضوں کی کوششیں زوروں شوروں سے جاری ہیں ۔ بلدی حکام کے سخت چوکسی کے دعوے ان کوششوں سے کھوکھلے اور بے بنیاد ثابت ہو رہے ہیں ۔ شہر کے مشہور تاریخی مقام سالارجنگ میوزیم کے قریب فٹ پاتھ پر باضابطہ ریسٹورنٹ تعمیر کرنے کی کوششوں کا آغاز ہوچکا ہے اور ان کوششوں سے سالارجنگ میوزیم انتظامیہ پریشانی کا شکار ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹائلیٹ تعمیر کرنے کی آڑ میں ریسٹورینٹ تعمیر کیا جانے لگا ہے ۔ ایک طرف مین روڈ اور دوسری طرف موسی ندی ، موسی ندی کی حصار سے متصل خالی فٹ پاتھ پر صفائی کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے اور دن کے اجالے میں مزدور بڑی تیزی سے کاموں میں جٹے ہوئے ہیں ۔ فٹ پاتھ پر تعمیرات سے سالارجنگ میوزیم کی ساک کو نقصان پہونچنے کا خدشتہ ظاہر کیا جارہا ہے اور فٹ پاتھ پر ریسٹورینٹ کی تعمیر سے ٹریفک کا سنگین مسئلہ پیدا ہوجائے گا۔ اس علاقہ میں ملک و بیرون ملک سے سیاحوں کی آمد کے سبب پہلے ہی سے ٹریفک کا مسئلہ ہے ۔ ایسی صورت میں ریسٹورینٹ کی تعمیر کئی ایک مسائل کا سبب بن سکتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس علاقہ میں سیفٹی پراجکٹ کے تحت ریسٹورنٹ اور ٹائلیٹ کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے ۔ چارمینار زون کے تحت سرکل نمبر 9 پتھر گٹی ڈیویژن میں یہ ترقیاتی کام کئے جارہے ہیں اور 15 سال کی مدت تک اس ریسٹورنٹ اور ٹائلیٹ پراجکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیا جائے گا ۔ تاہم اس ترقیاتی پراجکٹ کے ذریعہ مسائل پیدا ہونے اور میوزیم کی ساکھ متاثر ہونیکا خدشہ لاحق ہوگیا ہے اور میوزیم کی ساکھ کے علاوہ سیکوریٹی کو بھی خطرہ ہونے کا سالارجنگ میوزیم انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے ۔ بلدی حکام اور حکومت کو چاہئے کہ وہ تاریخی سالارجنگ میوزیم کی بقاء کو اہمیت دیتے ہوئے اس سنگین مسئلہ پر غور کرے اور موثر اقدامات کرے ۔ ع