حیدرآباد۔/22 نومبر، ( سیاست نیوز) شہر میں قتل کی دو سنگین وارداتیں جمعہ کے دن پیش آئیں۔ کالا پتھر کے علاقہ مکہ کالونی میں 45 سالہ ویلڈر محمد احمد کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ اس واقعہ نے پرانے شہر میں سنسنی پیدا کردی۔ ذرائع نے بتایا کہ محمد احمد کا تعاقب کرتے ہوئے تین افراد نے چاقوؤں سے وار کرکے اس کا قتل کیا۔اس بات کی اطلاع ملنے پر کالا پتھر پولیس کی ٹیم نے وہاں پہنچ کر سراغ رسانی دستہ، کلوز ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ احمد کے قتل میں عارف، فرید اور اس کا ساتھی ملوث ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ رقمی لین دین یا پھر پرانی مخاصمت کے نتیجہ میں یہ قتل کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار بی انجیا نے بتایا کہ محمد احمد کے قتل کیس کی تحقیقات مختلف زاویوں سے کی جارہی ہے اور خاطیوں کو عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا۔شہر کے مصروف ترین علاقہ سلطان بازار میں بھی قتل کی واردات پیش آئی جس میں کڑپہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا قتل کردیا گیا۔ 23 سالہ سائی ریڈی متوطن ضلع کڑپہ آندھرا پردیش کچھ دن قبل اپنے دوستوں کے ہمراہ شہر آیا تھا اور وہ سلطان بازار کی ایک لاج میں کرایہ پر کمرہ حاصل کیا تھا۔ سائی ریڈی ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا اور عشق میں ناکامی کے نتیجہ میں دلبرداشتہ ہوگیا تھا اور وہ روزانہ ہوٹل میں شراب نوشی کررہا تھا۔ آج شام بھی سائی ریڈی نے شراب نوشی کے بعد اپنے ساتھیوں سے لڑکی کے مسئلہ پر جھگڑا کیا اور ہوٹل کی کھڑکی کا شیشہ توڑ کر پہلے خودکشی کرنے کی کوشش کی اور ساتھیوں سے دھکم پیل کے دوران ایک دوست نے اس کے پیٹ میں کانچ کا ٹکڑا گھونپ دیا۔ اس حملہ میں سائی ریڈی برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔