شہر میں قتل کی وارداتیں ہنوز جاری ۔ چادر گھاٹ اور نارسنگی میں دو افراد کا قتل

   

اللہ پور میں ایک ہفتہ قبل قتل کا انکشاف ‘ پہلے خود کشی ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ بنڈلہ گوڑہ حدود میں جان لیوا حملہ میں تین افراد ز خمی

حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : شہر میں پولیس کی مستعدی اور کوششیوں کے باوجود قتل کی وارداتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں اور آئے دن شہر اور نواحی علاقوں میں کہیں نہ کہیں قتل کی وارداتیں پیش آرہی ہے اور ان وارداتوں کی روک تھام کیلئے سٹی پولیس کے اقدامات بے اثر ثابت ہورہے ہیں ۔ کل رات دیر گئے شہر میں ایک قتل ایک اقدام قتل اور آج صبح ایک قتل ہوا جبکہ اور ایک کم عمر طالب علم کے قتل کا انکشاف ہوا جس کو پہلے خود کشی قرار دیا گیا تھا ۔ قتل کی ان وارداتوں سے عوام میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ چادر گھاٹ حدود میں روڈی شیٹر نجف کا قتل کردیا گیا ۔ نجف رین بازار پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر تھا جو کئی وارداتوں میں ملوث تھا ۔ ملک پیٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب مہلک ہتھیاروں سے حملہ کرکے نجف کا قتل کردیا گیا اور تعجب کی بات تو یہ ہے ملزمین نے پولیس میں خودسپردگی بھی اختیار کرلی ۔ دوسری واردات آج نارسنگی حدود میں پیش آئی جہاں 31 سالہ ہدایت علی کا قتل کردیا گیا ۔ ہدایت علی انجینئر تھا جو قلعہ گولکنڈہ کے چھوٹا بازار علاقہ میں رہتا تھا جو سعودی عرب میں ملازمت کرتا تھا ۔ ہدایت علی کی نعش منچی ریلولہ کے علاقہ میں واقع ایک وینچر میں پائی گئی جب کہ کچھ دور پر ایک کوالس گاڑی پائی گئی ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے ہدایت علی کے ساتھ دو افراد بشمول ایک لڑکی تھی ۔ تاہم پولیس ان کی شناخت میں جٹ گئی ہے ۔ مقام واردات پر پولیس نے کلوزٹیم کو طلب کیا اور قاتلوں کا پتہ چلانے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ۔ ہدایت گیارہ بجے دن اپنے مکان سے نکلا تھا اور اندرون 2 گھنٹے اس کا قتل کردیا گیا ۔ ہدایت علی چھوٹا بازار علاقہ میں رہتا تھا جو 20 دن قبل چھٹی پر آیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق ہدایت علی کی شادی کیلئے رشتے تلاش کئے جارہے تھے اور ہدایت کل سعودی واپس جانے والا تھا ۔ اللہ پور پولیس حدود میں پولیس نے قتل کا انکشاف کرکے چند کم عمر لڑکوں کو گرفتار کرلیا ۔ ایک 17 سالہ طالب علم دانش کی نعش پٹریوں سے دستیاب ہوگئی تھی اور اس قتل کو خود کشی ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی تاہم پولیس نے اس راز سے پردہ فاش کیا اور چند کم عمر لڑکوں بشمول روڈی شیٹر کے بیٹے کو گرفتار کرلیا ۔ دانش کا قتل لڑکی کے مسئلہ میں کیا گیا ۔ پہلے دانش کو طلب کرنے کے بعد شراب کی بوتلوں سے حملہ کرکے اس کا قتل کیا گیا اور پھر بعد میں گلا گھونٹ دیا گیا ۔ دانش انٹرمیڈیٹ کا طالب علم تھا ۔ جو اللہ بنڈہ علاقہ کیس اکن احمد کا بیٹا تھا ۔ پولیس کے مطابق دانش ایک لڑکی سے بات کرتا تھا جو اس کی رشتہ دار بتائی گئی ہے ۔ دانش کا لڑکی سے بات کرنا قتل میں شامل لڑکے کو پسند نہیں تھا اور اس نے ایک سے زائد مرتبہ جھگڑا بھی کیا تھا اور لڑکی سے شادی کی خواہش ظاہر کرکے دانش کو وارننگ دی تھی ۔ 22 جون کی رات دانش کو طلب کیا گیا ۔ تقریبا 10 کم عمر لڑکے مقام واردات پر موجود تھے جنہوں نے پہلے شراب نوشی کی اور گانجہ کے نشہ میں دھت تھے ۔ جیسے ہی دانش پہونچا اس پر حملہ کرکے ہلاک کیا گیا اور پھر نعش کو ٹرین کی پٹریوں پر ڈال کر خود کشی ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی ۔ بنڈلہ گوڑہ میں کل رات دیر گئے تین افراد پر جان لیوا حملہ ہوا ۔ اس میں عبداللہ ، سمیر اور شریف زخمی ہوگئے۔ عبداللہ اور سمیر مچھلیاں پکڑنے عمدہ ساگر تالاب گئے اس دوران جمیل اور ارباز تالاب پہونچے ۔ ان کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ عبداللہ اور سمیر نے جمیل اور ارباز کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور جب واپس آنے لگے تو راستہ روک کر ارباز اور جمیل نے ساتھیوں کے ساتھ حملہ کیا ۔ بنڈلہ گوڑہ پولیس نے مقدمات درج کرلیے ۔ ع