شہر میں مانسوکی پہلی بارش ‘ موسم خوشگوار ‘ درجہ حرارت میں کمی

,

   

دونوں شہروں میں آئندہ 48 گھنٹوں میں موسلادھار بارش کی بھی پیش قیاسی
حیدرآباد۔21 جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں مانسون کی پہلی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں 20اور21 جون کی درمیانی شب مانسون کی آمد اور ہلکی اور تیز بارش کے ساتھ موسم بے انتہاء خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق مانسون کی تاخیر سے آمد کے باوجودموسم باراں کے دوران مناسب بارش کا امکان ہے لیکن گذشتہ شب ہوئی بارش کے بعد شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی اور درجہ حرارت 36 سے گرتے ہوئے 27ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا۔ 21 جون کی سہ پہر شہر کے بیشتر علاقوں میں مانسون کی آمد کی بارش ریکارڈ کی گئی اور شہر کے کئی علاقہ جات زیر آب آگئے ۔جی ایچ ایم سی کے ایمرجنسی عملہ نے شہر کے کئی مقامات اور اہم سڑکو ںپر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کرتے دیکھا گیا۔رات کے وقت ہوئی بارش کے دوران کسی بھی علاقہ سے کوئی شکایات موصول نہیں ہوئی ہیں لیکن کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جی ایچ ایم سی کے ایمرجنسی عملہ کو متحرک رکھا گیا تھا ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق مانسون کی بارشوں کی شروعات کے ساتھ ہی شہر میں موسم خوشگوار ہونے لگا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ دو تین یوم کے دوران بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ موسمیات نے 23 جون تک بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا جا رہاہے کہ موسمی تبدیلی کے ساتھ ہی ریاست کے کئی علاقو ںمیں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔شام کے وقت محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں شہروں میں آئندہ 48گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش ریکارڈ کی جائے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں کے دوران ہونے والی بارش کے متعلق بھی اس بات کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے کہ آئندہ دنوں میں ہونے والی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں اور گھن گرج موجود رہے گی۔شہر حیدرآباد میں گذشتہ شب ہوئی بارش کے دوران شہر کے نشیبی علاقوں پر جی ایچ ایم سی کی جانب سے خصوصی نظر رکھی گئی تھی اور نالوں پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی گئی تھی تاکہ دونوں شہروں میں نالوں کے بہاؤمیںپیدا ہونے والی رکاوٹ اور پانی جمع ہونے کی شکایات کا جائزہ لیا جاسکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد میں مانسون سے متعلق شکایات کے ازالہ کے لئے کنٹرول روم کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہ اور اس کے علاوہ 100 نمبر پر بھی شکایات کے اندراج کی سہولت حاصل رہے گی لیکن کمشنر جی ایچ ایم سی نے بلدی حدود میں مانسون سے متعلق صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی کنٹرول روم قائم کرنے اور ہمہ وقت عملہ کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی تاکید کی اور کہا کہ ایمرجنسی عملہ کی جی پی ایس ٹریکنگ رکھی جائے تاکہ اطلاع موصول ہوتے ہی قریبی ایمرجنسی عملہ کو متحرک کیا جاسکے اور حالات کو جلد از جلد بہتر بنانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ رات کے اوقات میں بھی متحرک و مستعد رہیں کیونکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ وارننگ کے مطابق شہر میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔