شہر میں ماہ رمضان المبارک کا بدیدہ نم استقبال

,

   

Ferty9 Clinic

مساجد میں نمازوں کی ادائیگی سے محرومی پر عوام مغموم ۔ گھروں میں عبادات کی تلقین
حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز ) مسلمان ماہ رمضان المبارک کی آمد کا بے انتہا مسرت سے استقبال کرتے ہیں اور اس ماہ مقدس کے اختتام پر مغموم ۔ لیکن آج امت مسلمہ نے ماہ رمضان کا بدیدۂ نم استقبال کیا کیونکہ شہر میں کسی مقام پر تراویح کی سرگرمیاں نہیں ہیں اور نہ مساجد میں نماز کی ادائیگی کی اجازت ہے اسی لئے عامۃ المسلمین نے دکھی دل کے ساتھ اس ماہ مقدس کا استقبال کیا اور کئی گھروں میں بڑوں کی نگرانی میں نوجوانوں اور بچوں نے اللہ کے حضور گڑگڑاکر اس وباکے خاتمہ اور حالات کے معمول پر آنے خصوصی دعائیں کی گئیں۔شہر میں جن گھروں میں حفاظ قرآن موجود ہیں ان میں اہل خانہ کیلئے تراویح کا اہتمام کیا جانے لگا ہے اور بعض گھروں میں افراد خاندان کیلئے نماز تراویح کا اہتمام کیا جا رہا ہے لیکن شہر کی کسی بھی مسجد میں نماز تراویح کے انعقاد کی اطلاع نہیں ہے کیونکہ تحدیدات کے سبب علمائے اکرام نے اس خصوص میں فتوی جاری کرکے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ گھرو ںمیں نماز پنجگانہ اور نماز تراویح کا انعقاد عمل میںلائیں۔علاوہ ازیں تراویح کی نماز تنہاء ادا کرنے بھی علما نے وضاحت کرتے ہوئے یہ کہہ دیا ہے کہ اگر کوئی اپنے افراد خانہ کے ساتھ جماعت نہیں بنا سکتا ہے تو وہ اپنے گھر میں تنہاء بھی نماز تراویح اداکرسکتا ہے کیونکہ نماز تراویح کی جماعت سنت مؤکدہ نہیں ہے بلکہ جماعت سنت کفایہ ہے اور کئی مقامات پر افراد خاندان کی جانب سے جماعت بنا کر نماز تروایح اداکی جا رہی ہے ۔

علماء نے عامۃ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ اس ماہ مبارک کے دوران اپنی عبادتوں میں خشوع وخضوع کی برقراری کیلئے توبہ و استغفار کی کثرت کریں اور دنیا بھر میں عامۃ المسلمین کیلئے آسانیوں و راحت کیلئے خصوصی دعاء کریں کیونکہ موجودہ حالات میں اللہ رب العزت کی ذات ہی ان حالات کو خیر میں تبدیل کرسکتی ہے ۔علاوہ ازیں امت مسلمہ کو کورونا کے خاتمہ کیلئے بھی خصوصی دعائیں کرنی چاہئے ۔ علماء نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کو غنیمت جانتے ہوئے اس وقت کا عبادتوں کیلئے استعمال کرتے ہوئے ان لمحات کو نیند و تفکرات میں ضائع نہ کریں بلکہ اس ماہ مقدس کے ایک ایک لمحہ کو ذکر و اذکار کے علاوہ عبادتوں میں گذارنے کی کوشش کریں ۔