شہر میں مزید کئی کورونا معائنوں کے مراکز کے آغاز کا فیصلہ

   

چیسٹ ہاسپٹل ‘ کنگ کوٹھی دواخانہ ‘ سروجنی اور فیور ہاسپٹل میں بھی مراکز قائم ہونگے
حیدرآباد۔16 جون(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے شہر کے علاوہ اطراف میں کورونا معائنوں میں تیزی لانے کے اقدامات کے طور پر 50 مراکز کا آغاز کیا گیا ہے اور جلد ہی معائنوں کی سہولت چیسٹ ہاسپٹل‘ کنگ کوٹھی دواخانہ کے علاوہ دیگر دواخانو ںمیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایات کے بعد شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں موجود پبلک ہیلت کے مراکز پر کورونا وائرس کے معائنہ اور نمونوں کی وصولی کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے جہاں مشتبہ مریضوں کے مفت معائنہ کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہر کے سرکردہ دواخانوں میں کورونا وائرس کے معائنوں کی سہولت کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ شہر میں موجود پبلک ہیلت کے مراکز اور جن مقامات سے زیادہ مریضوں کی نشاندہی ہورہی ہے ان علاقوں میں معائنوں کی سہولت کی فراہمی عمل میں لائی جانے لگی ہے۔ حکومت نے آئندہ 10یوم کے دوران 50 ہزار معائنوں کا اعلان کیا ہے اور جن مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ان 50مراکز میں یومیہ 150 معائنے کئے جائیں گے۔ طبی عملہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ جن مریضوں میں علامات پائی جائیں اور جو لوگ رضاکارانہ معائنہ کیلئے رجوع ہورہے ہیں ان کے معائنوں کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کی صحت کو بہتر بنانے کے علاوہ ان مریضوں کی نشاندہی کو یقینی بنایاجائے جو کورونا سے متاثر ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ان مراکز پر کورونا معائنوں کی سہولت کے ساتھ مثبت مریضو ں کا گھر پر علاج کرنے کی سہولت فراہم کرنے اور انہیں درکار ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ونستھلی پورم‘ بالا پور‘ کونڈا پور کے علاوہ ضیاء گوڑہ میں اس سہولت کا آغاز کردیا گیا اور جلد سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل اور فیور ہاسپٹل میں بھی کورونا معائنوں کے مراکز قائم کئے جائیں گے جہاں عوام مفت معائنہ کرواسکتے ہیں۔حکومت کی ہدایات کے بعد 16جون سے کئی مراکز نے خدمات انجام دینا شروع کردیا اور جلد ہی محکمہ صحت کی جانب سے تمام مراکزجہاں کورونا وائرس کے معائنہ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ان کی فہرست جاری کردی جائے گی۔