شہر میں مزید 33 بستی دواخانوں کا قیام

,

   

جی ایچ ایم سی کا فیصلہ ۔ عوام کو قدرے راحت ملنے کی امید
حیدرآباد۔شہر میں تیزی سے بڑھ رہے کورونا وائرس کے سبب کلینکس بند کردیئے جانے اور کئی علاقوں میں عوام کو ڈاکٹرس کی عدم دستیابی کے مسئلہ کو دیکھتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے دونوں شہروں میں مزید 33 بستی دواخانوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ کمشنر بلدیہ مسٹر لوکیش کمار نے بتایا کہ شہر میں بستی دواخانوں میں مریضوں کی بڑھتی تعداد اور شہریوں کی ضرورتوں کو محسوس کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی نے شہر میں مزید 33 بستی دواخانوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے تحت اندرون دو ہفتہ بستی دواخانوں کے آغاز کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے ابتداء میں 44 بستی دواخانوں کا آغاز کیا گیا تھا اور اس کے بعد 123 بستی دواخانے شروع کئے گئے ہیں جن میں اب 33دواخانوں کا فوری اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان دواخانوں میں ماہر ڈاکٹرس کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے انفراسٹرکچر کی فراہمی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے کئی علاقوں میں بستی دواخانوں میں انجام دی جانے والی خدمات سے عوام استفادہ کررہے ہیں ۔ شہر میں کورونا کے بڑھتے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرس اپنے کلینکس بند کرنے لگے ہیں اور ڈاکٹرس کے کلینکس بند کئے جانے کے سبب شہریوں کو شدید مشکل کا سامنا ہے لیکن لدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بستی دواخانوں کا آغاز ان کیلئے بڑی سہولت ثابت ہونے کا امکان ہے۔