حیدرآباد۔ دونوں شہر وں کے مختلف علاقو ںمیں بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے 50 نئے بستی دواخانوں کے قیام کی تجاویز تیار کی جانے لگی ہیں ۔ کہا جار ہاہے کہ آئندہ 4ہفتوں میں نئے بستی دواخانوں کے قیام کے منصوبہ پر اقدامات شروع کردیئے جائیں گے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں فی الحال جملہ 224 بستی دواخانہ ہیں اور ان کا قیام سلم علاقوں اور بستیوں میں ہونے سے استفادہ کنندگان کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے آئندہ ماہ کے دوران مزید بستی دواخانوں کے قیام کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ بتایا گیا کہ دواخانوں کے استفادہ کنندگان کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے مزید 50 دواخانوں کے قیام کی حکومت سے منظوری کے بعد بلدی حکام نے مقامات اور علاقوں کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا ہے۔