شہر میں معمول سے 65 فیصد اضافی بارش ‘ ماریڈ پلی سر فہرست

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 24 جولائی ( سیاست نیوز ) شہر میںحالانکہ بارش کا سلسلہ رک گیا ہے تاہم محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے بموجب شہر کے کچھ علاقوں میں رواں مانسون میں ریکارڈ بارش ہوئی ہے ۔ ماریڈ پلی علاقہ میں سب سے زیادہ بارش ہوئی ۔ کہا گیا ہے کہ یہاں 119 فیصد اضافی بارش ہوئی ہے ۔ سارے شہر حیدرآباد میں یکم جون سے 23 جولائی تک 65 فیصد اضافی بارش ہوئی ہے ۔ شہر کے تقریبا تمام علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے تاہم ماریڈ پلی اس معاملہ میں سب سے آگے ہے جہاں 522.5 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جبکہ یہاں معمول کی بارش 222.4 ملی میٹر ہوتی ہے ۔ مشیر آباد بھی وہ ایک علاقہ ہے جہاںشدید بارش ہوئی ہے ۔ مانسون کے آعاز کے بعد سے یہاں 100 فیصد اضافی بارش ہوئی ہے ۔ یہاں معمول کی بارش 239.3 ملی میٹر ہوتی ہے تاہم اب تک جملہ 483.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ کئی دوسرے علاقوں جیسے شیخ پیٹ ‘ امیر پیٹ ‘ سکندرآباد ‘ عنبرپیٹ اور نامپلی میں بھی معمول سے 50 تا 90 فیصد اضافی بارش ہوئی ہے ۔ شہر میں تقریبا چار دن سے مسلسل بارش کے بعد ہفتے کو تاہم سورج نکل آیا ۔ بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ صرف فلم نگر اور آصف نگر میں ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت 30.1 ڈگری سلسئیس بیگم پیٹ میں ریکارڈ کیا گیا جبکہ اقل ترین درجہ حرارت 21.4 ڈگری رہا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے ڈاٹا کے مطابق شہر میںآئندہ دو دن تک ہلکی سے اوسط بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ آئندہ تین دن کے دوران شہر میںاعظم ترین درجہ حرارت 29 تا 31 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے جبکہ اقل ترین درجہ حرارت 20 تا 22 ڈگری کے آس پاس ہوگا ۔کہا گیا ہے کہ سارے تلنگانہ میں بھی آج بارش سے راحت ملی ہے ۔