شہر میں مفت پارکنگ اور آتشزدگی واقعات کی روک تھام پر توجہ

   

جی ایچ ایم سی کی جانب سے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ
حیدرآباد۔16فروری(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں مفت پارکنگ اور آتشزنی کے واقعات سے محفوظ رہنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ موسم گرما میں آتشزنی کے واقعات میں اضافہ کے خدشات کے تحت اس سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کے شعبہ ای وی ڈی ایم کے ذریعہ خصوصی مہم چلانے کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد میں مفت پارکنگ کی فراہمی کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی کے باوجود بعض مقامات سے پارکنگ فیس وصول کئے جانے کی شکایات موصول ہونے کے نتیجہ میں عوام میں شعور بیداری مہم چلانے کے علاوہ اس طرح کی حرکتوں میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر این پرکاش ریڈی آئی پی ایس ایڈیشنل کمشنر ای وی ڈی ایم نے بتایا کہ دونوں شہرو ںمیں دواخانوں ‘ اسکولوں اور کالجس کے علاوہ دیگر تجارتی کامپلکس میں جہاں آتش فرو آلات نہیں ہیں ان کی تنصیب کے اقدامات کے علاوہ آگ لگنے کے حادثہ کی صورت میں احتیاطی تدابیر کے متعلق شعور بیدار کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ حالیہ عرصہ میں دونوں شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آئے آتشزنی کے واقعات کی وجوہات کا جائزہ لینے اور آتش فرو آلات کے استعمال کے متعلق شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو اس طرح کے حادثات کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں مفت پارکنگ کے حکومت کے فیصلہ پر مؤثر عمل آوری کے اقدامات کے لئے ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی اور شہریو ںمیں شعور اجاگر کرتے ہوئے غیر مجاز پارکنگ فیس وصول کرنے کے والوں کے خلاف شکایت کے لئے انہیں رضامند کیا جائے گا۔م