شہر میں موسلادھار بارش، تیز ہوائوں کیساتھ ژالہ باری، عام زندگی مفلوج

,

   

درختوں کے گرنے سے ٹریفک میں خلل، کئی علاقوں میں پانی داخل، گرمی کی شدت میں کمی
آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد۔20 اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آج سہ پہر اور شام میں اچانک موسلادھار بارش اور تیز ہوائوں کے ساتھ ژالہ باری کے نتیجہ میں بھاری نقصانات ہوئے ہیں۔ غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں گزشتہ چند دنوں سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے کی شکایت ملی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی خصوصی ٹیموں نے سڑکوں پر درختوں کی صفائی کا کام انجام دیتے ہوئے ٹریفک کو بحال کیا، اس کے علاوہ ایمرجنسی اسکواڈ نے کئی مقامات پر پانی کی نکاسی کا کام انجام دیا۔ گزشتہ دو دن سے شہر کے مختلف علاقوں میں علیحدہ علیحدہ اوقات میں بارش کا سلسلہ جاری تھا۔ آج سہ پہر 3 بجے کے بعد موسم اچانک تبدیل ہوگیا اور طوفانی ہوائوں کے ساتھ بارش کا آغاز ہوگیا۔ شہر کے تقریباً تمام علاقے بارش کی زد میں آگئے۔ طویل عرصہ کے بعد شہر میں بھاری ژالہ باری دیکھی گئی۔ بارش اس قدر تیز تھی کہ سڑکوں پر دھواں دکھائی دے رہا تھا اور موٹر کار اور دیگر گاڑیاں بھی آگے بڑھنے سے قاصر تھیں۔ تقریباً ایک گھنٹے تک یہ سلسلہ جاری رہا اور کئی علاقوں سے برقی سربراہی منقطع ہونے اور پانی جمع ہونے کی شکایات ملی ہیں۔ 47 درخت مختلف مقامات پر تیز ہوائوں کی وجہ سے سڑک پر گرپڑے تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ برقی تاروں پر درخت گرجانے سے برقی سربراہی میں خلل پڑا۔ 18 مقامات سے پانی جمع ہونے کی شکایتیں مجلس بلدیہ کو موصول ہوئی ہیں۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے تمام زونل کمشنرس کو آئندہ 48 گھنٹوں تک چوکسی کی ہدایت دی ہے کیوں کہ محکمہ موسمیات نے شہر میں اوسط اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ زونل کمشنرس اپنے متعلقہ فیلڈ اور ایمرجنسی ٹیموں کو تیار رکھیں گے۔ تمام پراجیکٹ انجینئرس کو چوکس رہنے اور احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی گئی تاکہ نشیبی علاقوں کے عوام کو پانی کے نقصانات سے بچایا جاسکے۔ شاہ علی بنڈا، چندرائن گٹہ، پتھر گٹی، مدینہ بلڈنگ، یاقوت پورہ، گولی گوڑہ، موتی مارکٹ، سدھاٹاکیز، مغلپورہ، فلک نما، بہادرپورہ، ملک پیٹ اور ایل بی نگر کے علاقوں سے درختوں کے گرنے کی شکایات ملی ہیں۔ نامپلی، مہدی پٹنم، ہمایوں نگر اور ٹولی چوکی کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش سے عام زندگی مفلوج ہوگئی تھی۔ پرانے شہر کے یاقوت پورہ، دبیرپورہ اور رنگیلی کھڑکی جیسے علاقوں میں نالوں سے متصل مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایات ملی ہیں۔ سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے سے شب برأت کے موقع پر مصلیوں کو نماز کے لیے جانے میں دشواری پیش آئی۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں 40 تا 50 کیلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر نے کہا کہ تلنگانہ کے بیشتر علاقوں میں اوسط سے شدید بارش ہوسکتی ہے۔ تلنگانہ کے کئی علاقوں میں آج درجۂ حرارت معمول سے 2 تا 3 ڈگری زائد ریکارڈ کیا گیا۔ حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی۔ کریم نگر، جگتیال، سرسلہ، آصف آباد، یادادری، سدی پیٹ اور رنگاریڈی میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے۔