عبداللہ پور میٹ میں 135.5 ملی میٹر اور بیگم بازار میں 117.5 ملی میٹر بارش ۔ عام زندگی متاثر
حیدرآباد 9 اگست ( سیاست نیوز ) : ہفتہ کی رات حیدرآباد میں گرج و چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش نے شہر کو مفلوج کر کے رکھ دیا ۔ بارش کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا جس کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں ۔ معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بیگم بازار میں 117.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جب کہ ضلع رنگاریڈی کے عبداللہ پور میٹ میں 135.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ شہر کے کئی علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ماہ اگست میں چند علاقوں میں تین مرتبہ 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ شہر کے علاوہ اضلاع میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ جوگولامبا کے جورالا پراجکٹ لبریز ہونے پر حکام نے پراجیکٹ کے 13 دروازے کھول کر فاضل پانی چھوڑ رہے ہیں ۔ شہر حیدرآباد کے 20 مقامات پر زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ۔ پرانا شہر کے بہادر پورہ ، ملک پیٹ کے علاوہ مہدی پٹنم ، ٹولی چوکی ، ماریڈ پلی کے بشمول درجنوں علاقوں میں گھٹنوں تک پانی بھر گیا ۔ جس سے ٹریفک مسائل پیدا ہوگئے ۔ گاڑیاں چلانے والوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ جی ایچ ایم سی اور ڈیزاسسٹر ریسپانس فورس نے رات بھر متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی کے اقدام کئے ۔ بلدیہ کے مطابق 150 سے زائد مقامات پر واٹر لاگنگ کی شکایتیں ملیں۔ شدید بارش سے متعدد علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی ۔ سوشیل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور تصاویر میں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی تھیں ۔ شہریوں کو پانی میں پھنسے دیکھا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں تک مزید بارش کی پیش قیاسی کرکے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں ۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہے اور کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری ہیلپ لائن نمبرات پر رابطہ پیدا کریں ۔ اچانک ہونے والی اس تیز بارش سے سڑکوں پر پانی بھر گیا ۔ ندی نالے اُبل پڑے اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔۔ 2