حیدرآباد۔18جون(سیا ست نیوز) شہر میں موسلا دھار بارش سے کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی اور کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔دونوں شہر وںمیں دوپہر کے بعد وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہا اور شام کے وقت اچانک تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش شروع ہوگئی جس کا سلسلہ ایک گھنٹہ جاری رہا ۔ ایک گھنٹہ کی بارش نے شہر کی سڑکوں اور فلائی اوور برجس کو جھیل میں تبدیل کردیا ۔شہر کے کئی مقامات پر درختوں کے گرنے کے علاوہ برقی تاروں کے گرنے کی شکایات موصول ہوئیں ۔ سرورنگر‘ چارمینار‘ شیورام پلی ‘ چندرائن گٹہ ‘ یوسف گوڑہ ‘ بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز ‘ مشیر آباد‘ خیریت آباد و دیگر مقامات پر بارش کے ساتھ ہی برقی سربراہی منقطع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں اور پرانے شہر کے بیشتر مقامات پرتین گھنٹے گذرنے کے باوجود برقی سربراہی بحال نہیں کی جاسکی ۔
تلنگانہ اور حیدرآباد میں
ہلکی سے اوسط بارش کا امکان
حیدرآباد 18 جون ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ حیدرآباد اور اطراف میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی سے اوسط بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ گرج چمک بھی ہوسکتی ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 32 اور اقل ترین 22 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ میں کچھ مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی ۔