شہر میں موسمی امراض میں اضافہ ، کلینکس پر مریضوں کا ہجوم

   

متعدی اور موسمی امراض میں غیر معمولی اضافہ ، بچے زیادہ متاثر

حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ایک ہفتہ طویل بارش کے بعد شہر میں دواخانوں اور کلینکس پر مریضوں ، بالخصوص بچوں کا ہجوم دیکھا جارہا ہے جو موسمی امراض کا شکار ہورہے ہیں ۔ سرکاری دواخانوں کے علاوہ خانگی کلینکس ، بستی دواخانوں ، ڈسپنسریز اور کلینکس پر بھی موسمی امراض سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جو وائرل بخار ، سردی ، زکام ، ڈینگو ، اسہال دست ، اور دیگر متعدی امراض کا شکار ہورہے ہیں ۔ شہر میں ایک کلینک چلانے والے ایک پیڈیٹریشن ڈاکٹر محمد اعظم نے بتایا کہ گذشتہ دس دن سے ہم دیکھ رہے ہیں موسمی امراض سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ جن میں زیادہ تر نیمونیا ، پھیپھڑے کے انفیکشن اور ڈینگو سے متاثر ہیں جس کی وجہ سے وہ دبلے اور لاغر ہوگئے ہیں ۔ اس طرح کی صحت کی پیچیدگیوں سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے انہوں نے کہا کہ یہ بہتر ہے کہ انہیں نیمونیا اور انفلونزا کا ویکسین دلایا جائے جو سرکاری اور خانگی دواخانوں دونوں میں دستیاب ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ماسک کا استعمال ، پانی کو گرم کر کے پینے اور باہر کی غذا استعمال کرنے سے گریز کرنا ، لوگوں بالخصوص بچوں کو موسمی امراض سے محفوظ رکھنے میں معاون ہے ۔ گذشتہ چند ہفتوں سے متعدی امراض سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں ایک غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ موسمی حالات سے بھی اثر پڑتا ہے حالیہ ہفتوں میں ڈینگو کے کیسیس میں بہت اضافہ ہوا ہے ۔ شہر کے ایک دواخانہ کے کنسلٹنٹ انفیکیشنس ڈیزیزس ڈاکٹر مونا لیسا ساہو نے کہا کہ دیگر متعدی امراض جیسے ملیریا ، لیپٹا سپراسیس کا بھی مریضوں میں زیادہ پتہ چل رہا ہے ۔