معمر شہری اور بچے زیادہ متاثر ۔ صفائی کے علاوہ قوت مدافعت کو مستحکم رکھنا بھی ضروری
حیدرآباد 17 اگسٹ(سیاست نیوز) شہر میں موسمی تبدیلی ‘ بارش اور دھوپ کے امتزاج سے شہریوں کی صحت پر منفی اثرات پڑنے لگے ہیں اور حیدرآبادو سکندرآباد میں ضعیف العمر شہری اور بچے وبائی امراض کا شکار ہونے لگے ہیں ۔ شہر میں موسمی تبدیلی اور گذشتہ ایک ہفتہ میں ہلکی اور تیز بارش اور دن کے اوقات میں کہیں دھوپ اور کہیں مطلع ابرآلود ہونے کے سبب وبائی امراض کا شکار افراد کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ ماہراطبا کا کہناہے کہ ایسے موسم کے دوران صرف مچھروں سے محفوظ رہنے سے صحت مند رہنے میں کامیابی نہیں ملتی بلکہ انسانی جسم میں قوت مدافعت کو مستحکم رکھنے کے اقدامات بھی ضروری ہوتے ہیں اسی لئے موسمی تبدیلی کے ساتھ متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔ڈاکٹرس کے مطابق دونوں شہروں میں گذشتہ ایک ہفتہ میں ڈاکٹرس سے رجوع مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ‘ مریض بخار‘ کھانسی ‘ سردی ‘ اعضاء شکنی ‘ زکام اور دیگر علامات کے ساتھ ڈاکٹرس سے رجوع ہورہے ہیں جو کہ وبائی امراض کا شکار ہیں۔اطباء کا کہناہے کہ وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے آس پاس کی صفائی کو یقینی بنانے کے علاوہ نظام مدافعت کو محفوظ رکھنے اقدامات بھی کئے جائیں تاکہ وبائی امراض کے وائرس اثر انداز نہ ہوں۔دونوں شہرو ںمیں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بھی بارش کے پیش نظر صفائی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے اس کے باوجود کئی محلہ جات بالخصوص رہائشی علاقوں میں صفائی نہ ہونے سے مکینوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔شہریوں کو ڈاکٹرس نے مشورہ دیا کہ وہ قوت مدافعت کو مستحکم رکھنے صحتمند غذاء کے استعمال کو یقینی بنائیں اور ممکنہ حد تک گھریلو کھانوں کااستعمال کریں کیونکہ اس طرح کے موسم کے دوران باہر کے کھانوں سے اکثر امراض شکم کا خطرہ ہوتا ہے جو کہ خطرناک صورت بھی اختیار کرسکتا ہے اسی لئے عوام کو باہر کے کھانے میں احتیاط کرتے ہوئے بارش کے موسم میں ہونے والے وبائی امراض سے محفوظ رہنا چاہئے ۔3