شہر میں موسم باراں اور گہرے کہرسے پروازیں متاثر

,

   

دونوں شہروں میں صبح کی اولین ساعتوں میں دہلی جیسی سردیوں کا منظر
حیدرآباد۔22اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر میںموسم باراں کے دوران بارش کی شدت میں جس طرح کی شدت ریکارڈ کی گئی ہے موسم سرما میں بھی سردیوں میں اسی طرح کی شدت ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ دونوں شہروں میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں گہرا کہر دیکھا گیا جو کہ دہلی کی سردیوں کا منظر پیش کررہا تھا ۔ شہر حیدرآباد میں گہرے کہر کے سبب موسم انتہائی خوشگوار نظر آرہا تھا لیکن گہرے کہر کا اثر حیدرآباد سے روانہ ہونے والی پروازوں پر بھی مرتب ہونے کی اطلاعات ہیں کیونکہ گہرے کہر کی صورت میں پرواز میں دشواریاں ہوتی ہیں۔ گذشتہ شب سے ہی شہر میں شبنم اور کہر ریکارڈ کیا جاتا رہا ہے اور صبح کی اولین ساعتوں میں یہ صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی اور سڑکوں پر دھندلا پن محسوس کیا جانے لگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردیوں کے موسم کے آغاز کے ساتھ ہی رات دیر گئے کہر اور صبح کی اولین ساعتوں تک اس کا سلسلہ جاری رہنے سے جو صورتحال پیدا ہوتی ہے وہ آئندہ موسمی شدت کا اندازہ کرنے کیلئے کافی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق کہر کی شدت موسم سرما کے اواخر اور عام طور پر حیدرآباد میں ماہ ڈسمبر میں دیکھنے کو ملتی ہے لیکن جاریہ موسم کے دوران یہ صورتحال موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے جس پر یہ کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد میں موسم سرما کے دوران بھی شدید سردی ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں مزید 4یوم کے دوران بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور بارش کے دوران رات کے وقت کہر اور صبح کی اولین ساعتوں میں ریکارڈ کئے جانے والے کہر کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ آئندہ موسم سرما کی شدت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔