شہر میں مٹی کے گھڑوں کی مانگ میں اضافہ

   

حیدرآباد 21 ۔ فروری ( سیاست نیوز ) ہر گذرتے دن گرمی میں کے ساتھ شہر میں مٹی کے گھڑوں کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے ۔ شہر کے مختلف مقامات پر سڑک پر اسٹالس پر مختلف سائز اور ڈیزائنس کے مٹی کے گھڑے قطاروں میں رکھ کر فروخت کئے جارہے ہیں اور ان کی فروخت میں اضافہ ہورہا ہے ۔ دلسکھ نگر میں مصروف سڑک کے کنارے ایک اسٹال مالک نے کہا کہ درجہ حرارت میں اضافہ کی وجہ مٹی کے گھڑوں کی فروخت میں اضافہ ہوا اور وہ ہر روز تقریبا 100 گھڑے فروخت کررہے ہیں ۔ شہر کے ایک کلہار ، کونڈل نے کہا کہ ہم نئے ڈیزائن تیار کررہے ہیں جو روایتی تکنیک اور عصری انداز کا امتزاج ہے تاکہ منفرد اور ماڈرن گھڑے بنائے جائیں ۔ مجھے ان لوگوں سے کسٹم آرڈرس بھی حاصل ہورہے ہیں جو خصوصی سائز ڈیزائن اور شکل کے گھڑے چاہتے ہیں ۔ حالانکہ منفرد و ماڈرن انداز کے گھڑے مارکٹ میں فروخت کئے جارہے ہیں لیکن لوگ زیادہ ان مٹی کے گھڑوں کو پوچھ رہے ہیں جن میں ٹوٹی لگی ہوتی ہے ۔ ملک پیٹ میں مٹی کے گھڑے و دیگر اشیاء فروخت کرنے والی ایک خاتون کا کہنا ہے کہ قیمت کا انحصار گھڑوں کی سائز پر ہوتا ہے ۔ منفرد ڈیزائن کے ٹوٹی لگے ہوئے گھڑے مہنگے ہوتے ہیں ۔ اس نے کہا کہ مٹی کے گھڑوں کے علاوہ پکانے کے مٹی کے برتن بھی فروخت ہورہے ہیں ۔ کئی لوگ انہیں ڈشیس اور دہی کو اسٹور کرنے استعمال کررہے ہیں ۔ اس نے کہا کہ ہر دو سال میں گھڑوں کو بدلنا بہتر ہوتا ہے کیوں کہ ان کی ٹھنڈک پیدا کرنے کی خصوصیت میں بتدریج کمی ہوتی ہے ۔۔