شہر میں مچھروں کے مسئلہ سے نمٹنے جی ایچ ایم سی کی خصوصی مہم

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : شہر میں مچھروں کے مسئلہ سے نمٹنے کے سلسلہ میں ایک خصوصی مہم کے حصہ کے طور پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی ) کی ینٹومالوجی ونگ کی جانب سے مچھروں کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے اضافی اسٹاف کو مامور کیا گیا ہے ۔ مانسون کے دوران اینٹی لاروا آپریشنس کے علاوہ ینٹومالوجی ونگ کی جانب سے اسکولس ، فنکشن ہالس ، کھلے پلاٹس اور ایک عرصہ دراز سے مقفل مکانات پر مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کرنے پر توجہ دی جائے گی ۔ جی ایچ ایم سی کے چیف ینٹومالوجسٹ اے رام بابو نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ینٹومالوجی ونگ کی جانب سے موسیٰ ندی کے آبگیر علاقوں اور کھلے نالوں پر توجہ دی جائے گی ۔ یہ ٹیم مچھروں کے مسئلہ کا سدباب کرنے کے مقصد سے 185 جھیلوں اور پانی جمع ہونے کے علاقوں میں ڈرونس کا استعمال کرتے ہوئے مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کرنے پر بھی توجہ دے گی ۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے اس سلسلہ میں تقریبا 5000 اوپن پلاٹس ، 3272 اسکولس ، 764 فنکشن ہالس ، 3348 اپارٹمنٹ سیلارس اور 16,192 مقفل مکانات کی نشاندہی کی ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق چونکہ اسکولس اور فنکشن ہالس کوویڈ 19 کے باعث عرصہ دراز تک بند رہے ہیں اس لیے وہاں مچھروں کی افزائش ہوئی ہوگی اس لیے عہدیدار ان مقامات پر توجہ دیتے ہوئے اقدامات کررہے ہیں ۔ عہدیداروں نے تمام سرکلس میں اس کام کو انجام دینے کے لیے اضافی میان پاور کو مامور کیا ہے اور یہ ونگ مچھروں کے مسئلہ سے متعلق تمام شکایتوں پر جو my ghmc app ٹوئیٹر وغیرہ کی ذریعہ بھی کی جاتی ہیں توجہ دیتی ہے اور شکایتوں پر کارروائی کرتی ہے ۔۔