حیدرآباد میں صاف صفائی اور مچھروں کی بہتات پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد میں بڑھتے ہوئے مچھروں کے مسئلے پر بی آر ایس کے رکن اسمبلی ڈی سدھیر ریڈی نے منفرد انداز میں احتجاج کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے اسمبلی کے میڈیا ہال میں پریس کانفرنس کے دوران مچھر دانی پہن کر احتجاج کیا اور کہا کہ حیدرآباد میں مچھروں کی صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے ۔ سدھیر ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت کی نصف میعاد مکمل ہونے کے باوجود شہر کے بنیادی مسائل حل کرنے میں حکومت ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو تین حصوں میں تقسیم کرنے سے مسائل مزید بڑھ گئے ہیں اور شہر صفائی کے فقدان اور مچھروں کی افزائش کا مرکز بن گیا ہے ۔ ڈی سدھیر ریڈی نے کہا کہ شہر کی عوام مچھروں سے شدید پریشان ہیں اور صورتحال یہاں تک پہونچ گئی ہے کہ لوگوں کو اب ماسک کی طرح مچھر دانی استعمال کرنی پڑ رہی ہے ۔ حکومت نے مچھروں کی روک تھام کے لیے کوئی موثر اقدامات نہیں کئے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لیے اقدامات کئے جائیں ۔ بصورت دیگر حیدرآباد کی عالمی شبیہ متاثر ہوسکتی ہے ۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب سدھیر ریڈی مچھر دانی کے ساتھ اسمبلی کے میڈیا ہال پہونچے تاہم مارشلس نے انہیں وہاں پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا جس پر انہوں نے شدید اعتراض کیا اور اس رویے پر تنقید کی ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری کارروائی نہ کی تو عوامی سطح پر احتجاجی مہم شروع کی جائے گی ۔۔ 2