مرکز کی جانب سے اَن لاک 4 میںرعایتیں، عوام میں خوشی کی لہر
حیدرآباد۔ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کے آغاز کی اجازت دے دی جائے گی! مرکزی حکومت کی جانب سے یکم ستمبر سے لاک ڈاؤن میں رعایتوں کے 4 مرحلہ میں میٹرو ریل کی خدمات کے آغاز کو منظوری دیئے جانے کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل نے دوبارہ میٹرو ریل کے احیاء کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اجازت کے ساتھ ہی شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کی خدمات کو بحال کردیا جائے گا۔ شہر میں میٹرو ریل کے علاوہ بس خدمات معطل ہونے کے سبب عوام ذرائع حمل و نقل کے استعمال کرنے والوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے جن میں سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد شامل ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے علاوہ ایل اینڈ ٹی کے ذمہ داروں کو توقع ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے یکم ستمبر سے میٹرو ریل کی خدمات کو بحال کرنے کی مرکزی حکومت کی جانب سے دی جانے والی اجازت کا جائزہ لیتے ہوئے اس پر عمل آوری کی جائے گی۔ حکومت تلنگانہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی کابینہ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق ریاست میں مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کی جارہی ہے اور اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس بات کی توقع کی جا رہی ہے کہ یکم ستمبر سے شہر حیدرآباد میں حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات کو بحال کردیا جائے گا۔ میٹرو ریل حکام کا کہناہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اجازت کی فراہمی کے ساتھ مسافرین کی تعداد کو محدود کرنے پر غور کئے جانے کا امکان ہے تاکہ سماجی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنایاجاسکے۔ لاک ڈاؤن سے قبل یومیہ 4لاکھ افراد حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات سے استفادہ حاصل کر رہے تھے لیکن اب جبکہ شہر حیدرآباد میں انفارمیشن ٹکنالوجی شعبہ میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی 10تا15 فیصد تعداد ہی دفاتر پہنچ کر خدمات انجام دے رہی ہے تو سمجھا جا رہاہے کہ مسافرین کی تعداد کو محدود کرنے کی ضرورت بھی باقی نہیں رہے گی بلکہ حیدرآباد میٹرو ریل کے آغاز کے بعد بھی مسافرین کی تعداد کم ہی رہے گی۔لاک ڈاؤن سے قبل 22مارچ سے حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات معطل ہیں جس کے سبب حیدرآباد میٹرو ریل کو یومیہ 4.5 کروڑ کا نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے اور میٹرو ریل کی جانب سے ریاستی حکومت کو رہنمایانہ خطوط کے ساتھ میٹرو کی بحالی کے سلسلہ میں تجاویز بھی روانہ کی جاچکی ہیں ۔ توقع ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آئندہ دو یوم کے دوران ریاستی حکومت اس سلسلہ میں واضح رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے میٹرو ریل کی خدمات کو بحال کرنے کا فیصلہ کرے گی۔