شہر میں میٹرو ریل کی آج سے بحالی ‘ تمام انتظامات مکمل

,

   

ٹرائل رن کے ذریعہ امکانی خامیوں کا جائزہ لیا گیا ۔ دوپہر میں ٹرین دستیاب نہیں رہے گی

حیدرآباد۔ حیدرآباد میں 7ستمبر سے میٹرو ریل خدمات کا آغاز ہوجائیگا ۔ حیدرآباد میٹرو ریل نے جن راہداریوں پر ریل چلانے کا فیصلہ کیا ہے ان پر آج میٹرو کی آزمائشی دوڑ منعقد کی گئی ۔ گذشتہ 5یوم سے میٹرو ریل کے آغاز کی تیاریاں جاری تھیں ۔ تمام اسٹیشنوں پر صفائی کے علاوہ دیگر امور کی تکمیل کرلی گئی ہے اور اب جبکہ خدمات کے آغاز کیلئے ایک دن باقی رہ گیا ہے حیدرآباد میٹرو ریل اور ایل اینڈ ٹی کے ذمہ داروں نے شہر میں ٹرائل رن کا انعقاد کرکے امکانی خامیوں کا جائزہ لیا ۔ گذشتہ 6ماہ سے ملک بھر میں میٹرو ریل خدمات لاک ڈاؤن کے سبب بند رہیں اور اب مرکزی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن رعایت کے چوتھے مرحلہ میں میٹرو ریل کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ملک بھر کے ان شہروں میں جہاں میٹرو ریل ہے سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں اور حیدرآباد میں بھی میٹرو ریل کے آغاز کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ تمام میٹرو اسٹیشن پر تھرمل معائنہ کے آلات رکھے جائیں گے اور ان مسافرین کو ہی میٹرو سے سفر کی اجازت دی جائے گی

جن میں کوئی علامات نہیں ہیں اور جن کی جسمانی حدت معمول کے مطابق ہو۔ میٹرو اسٹیشنوں پر حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے سماجی فاصلہ کی برقراری کیلئے نشانات کے علاوہ مسافرین کیلئے اعلان کا نظم کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل انتظامیہ کے مطابق میٹرو ریل کے آغاز کے ساتھ ہی ابتداء میں صبح 7 بجے تا12 بجے دن اور شام 7تا9بجے رات میٹرو ریل کی خدمات رہیں گی اور دوپہر کے وقت میٹرو خدمات نہیں ہوں گی لیکن بتدریج بحال کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ 7 ستمبر سے میٹرو ریل کی خدمات کے آغاز کیلئے تمام میٹرو اسٹیشنوں کی صفائی کا کام انجام دیا گیا اور مسافرین کو مشورہ دیا جا رہاہے کہ وہ ساتھ سینیٹائزر رکھیں اور مختصر سامان کے ساتھ سفر کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حیدرآباد میٹرو ریل نے مسافرین اور عملہ کیلئے ماسک کا لزوم عائد کیا ہے اور میٹرو ریل کے اسٹیشنوں پر ماسک کی فروخت کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ عملہ یا مسافرین کی جانب سے ماسک کے عدم استعمال کی صورت میں ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔