شہر میں میٹرو ریل کی رفتار میں اضافہ

   

80 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کا تعین ۔ مسافرین کو مزید سہولت
حیدرآباد۔3اپریل۔(سیاست نیوز) حیدرآباد میں میٹرو ریل کی رفتار میں 10 کیلو میٹرفی گھنٹہ کے اضافہ کی منظوری کے بعد آج حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے تمام میٹرو ریل کی رفتار کو 80 کیلو میٹرفی گھنٹہ کردیا گیا ہے۔ میٹرو ریل کی رفتار کو منظوری دینے والے ادارہ کمشنر آف میٹرو ریل سیفٹی کی جانب سے حیدرآباد میٹرو ریل کو 70 کیلو میٹرو فی گھنٹہ کی رفتار سے چلانے کی اجازت حاصل تھی جبکہ مکمل رفتار 80کیلو میٹرفی گھنٹہ تھی لیکن دو یوم قبل کمشنر میٹرو ریل سیفٹی نے حیدرآباد میٹرو ریل کے سگنلنگ نظام کے علاوہ دیگر امور کا جائزہ لینے کے بعد اتھاریٹی کو رفتار میں اجازت دینے کا فیصلہ کیا ۔ کمشنر آف میٹرو ریل سیفٹی کی رپورٹ کے مطابق شہر میں میٹرو ریل راہداریوں پر سگنلس اور موڑ واسٹیشن کے فاصلوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ حیدرآباد میٹرو ریل کو اس کی مکمل رفتار یعنی 80کیلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چلانے کی منظوری دی جائے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ میٹروریل کی رفتار میں اضافہ کا فائدہ نہ صرف مسافرین کو ہوگا بلکہ میٹرو ریل کو بھی اس کا فائدہ ہوگا اسی لئے اجازت ملنے کے ساتھ ہی اندرون 2 یوم حیدرآباد میٹرو ریل اتھاریٹی کی جانب سے رفتار میں اضافہ کا فیصلہ کیاگیا ہے اور 3 اپریل سے ہی تمام راہداریوں پر چلائی جانے والی میٹرو کی رفتار میں اضافہ کردیا گیا ہے۔