شہر میں نعشوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ۔ 18 نعشیں دستیاب

,

   

علی نگر سانحہ کے 2 مہلوکین کی نعشیں بھی نکالی گئیں۔ مزید نعشوں کی تلاش بھی جاری

حیدرآباد : حیدرآباد ‘ سائبرآباد اور رچہ کنڈہ میں بارش میں بہہ جانے والے افراد کی نعشوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے اور آج مختلف مقامات سے 18 نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا۔ بنڈلہ گوڑہ علی نگر میں ایک خاندان کے 8 افراد بہہ جانے کے واقعہ میں آج 2نعشیں برآمد کی گئیں۔ فلک نما کے نالے سے 8 سالہ آمنہ قریشی، 24 سال حمیرہ قریشی کی نعشوں کو برآمد کرکے ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ مزید نعشوں کی تلاش جاری ہے۔ پانی میں بہہ جانے والے سعیدآباد کرما گوڑہ کے محمد عاشم اللہ کی نعش سعیدآباد سے دستیاب ہوئی۔ 47 سالہ عاشم اللہ جو دلسکھ نگر میں واقع ایک مال کا ملازم تھا، 13 اکٹوبر کو ڈیوٹی کیلئے روانہ ہوا تھا اور اپنے ساتھی کو ادیوگ نگر بڈنگ پیٹ چھوڑنے گیا تھا۔ متوفی کی بیوی عظمت بیگم نے شکایت درج کروائی تھی ۔ سنگارینی آفیسرس کالونی پارک کے پاس آج صبح نعش دستیاب ہوئی۔ اسی طرح دیگر مقامات پر بھی نعشوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے۔ ونستھلی پورم پولیس نے بھی دو نوجوانوں کی نعشوں کا پتہ لگایا جو بہہ گئے تھے۔ 16 سالہ پرنئے کمار اور سی ایچ جئے دیپ عرف جشونت جو انجیاپور سے واپس ہورہے تھے کہ پانی میں موٹر سائیکل کے ساتھ بہہ گئے۔ اِن دونوں کی نعشوں کو پولیس نے آؤٹر رنگ روڈ تارامتی پیٹ سے برآمد کیا ہے۔ بارش میں کار میں سفر کرنے والا ایک نوجوان بارش میں بہہ گیا۔ ہماچل پردیش سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ بپن کمار اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ تارامتی پیٹ آؤٹر رنگ روڈ سے گزر رہا تھا کہ انڈر پاس بریج کے پاس بھاری پانی جمع رہنے کے باعث کار ڈوبنے لگی، اُس کے دو ساتھی بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ بپن کمار بہہ گئے اور اُس کی نعش آج برآمد ہوئی۔ ایک اور واقعہ میں محکمہ ڈاک ملازم کی نعش بنڈلہ گوڑہ ناگول نالے سے دستیاب ہوئی۔ 13 اکٹوبر کو 58 سالہ جے سندر راج مکان جارہا تھا کہ بارش کے پانی میں بہہ گیااور آج نعش بنڈلہ گوڑہ تالاب ایپا نگر کالونی کے قریب دستیاب ہوئی۔ عبداللہ پور میٹ لشکر گوڑہ سے بھی ایک نعش کو نکالاگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وینکٹیش شدید بارش میں بہہ گیا تھا اور اُس کی نعش کو پولیس نے انعام گوڑہ شکتی نگر بریج کے قریب برآمد کیا۔ اس کی نعش کو جے سی بی کرین سے باہر نکالا گیا ۔