8 موٹرس ضبط، ہر ایک کو 5 ہزار کا جرمانہ اور مقدمات درج، تیسری بار نشاندہی پر کنکشن کٹ ہوگا
حیدرآباد 12 اپریل ( سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کی جانب سے نلوں کو موٹر لگا کر پانی حاصل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ واٹر ورکس ویجلنس عہدیداروں نے موسیٰ رام باغ سیکشن حدود میں شالی واہانہ نگر میں پانی کی سربراہی کے دوران روڈ نمبر 12,13,14 کے علاقوں میں گھر گھر پہنچ کر جانچ کی۔ نلوں کو موٹر لگا کر پانی کھینچنے کی نشاندہی کی اور 8 موٹرس کو ضبط کرکے نہ صرف ان کے خلاف مقدمات درج کئے بلکہ ہر ایک کو 5 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا۔ واضح رہے دو دن قبل ہی حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی اے اشوک ریڈی نے نلوں کو موٹر لگانے کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے 15 اپریل سے خصوصی مہم شروع کرنے، جرمانے عائد کرنے، موٹرس ضبط کرنے اور مقدمات درج کرنے ضرورت پر نل کنکشن کو منقطع کرنے کی بھی دھمکی دی تھی مگر شہر کے مختلف مقامات سے لو پریشر پانی کی شکایت وصول ہونے کے بعد بورڈ کے ویجلنس عہدیداروں نے موسیٰ رام باغ کے شالی وہانہ نگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ موٹرس سے پانی حاصل کرنے والے 8 افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عوام کو انتباہ دیا کہ موٹرس سے پانی حاصل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تیسری مرتبہ پکڑے جانے پر نل کا کنکشن کٹ کرنے کا انتباہ دیا۔ لو پریشر پانی سربراہ ہونے یا پانی سربراہ نہ ہونے کی صورت میں بورڈ کے منیجر، ڈی جی ایم، جی ایم سے رابطہ پیدا کرنے یا کسٹمر کیئر نمبر 155313 کو فون کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔2