کلاک ٹاورس کا معائنہ ، تزئین نو کی ہدایت ، پرنسپال سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار کا دورہ
حیدرآباد۔13فروری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں موجود کلاک ٹاؤرس کی تزئین و عظمت رفتہ کی بحالی کے سلسلہ میں ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات میں تیزی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمارنے آج شہر حیدرآبا کے مختلف علاقوں میں موجود کلاک ٹاؤرس کا معائنہ کرتے ہوئے ان کی حالت کو بہتر بنانے اور ان کی اصلی حالت میں لانے کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ مسٹر اروند کمار نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ جی ایچ ایم سی نے ابتدائی طور پر محبوب چوک ‘ معظم جاہی مارکٹ اور سکندرآباد کلاک ٹاؤر کی تزئین نو کا فیصلہ کیا تھا اور اس پائلٹ پراجکٹ کی تکمیل کے بعد مزید 9 کلاک ٹاؤرس کی نشاندہی کی گئی جن کی تزئین نو اور مرمت کے اقدامات کو فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مسٹر اروند کمار کے ہمراہ ان کلاک ٹاؤرس کے دورہ کے دوران جناب ضیاء الدین کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ مسٹر اروند کمار نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں موجود 12کلاک ٹاؤرس کی نشاندہی کرتے ہوئے مرمتی کاموں کو شروع کیا گیا تھا
اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا تھا کہ ابتدائی طور پر 3کلاک ٹاؤرس کو مکمل طور پر بہتر بنایا جائے اور اب ان تین ٹاؤرس کی تزئین کے کاموں کی تکمیل کے بعد شہر میں موجود مزید 9تاریخی کلاک ٹاؤرس کے کاموں کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ چند یوم میں ان کلاک ٹاؤرس کے کاموں کو شروع کردیا جائے گا اور ان کاموں کی تکمیل کیلئے وقت متعین کرنے کی ہدایت دی جا چکی ہے اور عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان کاموں کی شروعات کیلئے ٹنڈر طلب کرنے کا عمل شروع کردیں ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کو خوبصورت شہر اور شہر کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کے طور پر شہر کے کلاک ٹاؤرس کو بہتر اور سیاحوں کے لئے پرکشش بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ چند یوم کے بعد شہر حیدرآباد میں کلاک ٹاؤرس کے کاموں کی شروعات کردی جائے گی۔جن 9کلاک ٹاؤرس کی مرمت کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں مہاراجہ کشن پرشاد کی دیوڑھی واقع شاہ علی بنڈہ کے باب الداخلہ پر موجود شاہ علی بنڈہ کلاک ٹاؤر کے بشمول حیدرآباد کے حدود میں 6 اور سکندرآباد کے حدود میں 3 کلاک ٹاؤرس شامل ہیں۔