شہر میں واٹر ٹینکرس کی مانگ میں کمی

   

حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : شہر میں سال بھر نل کے پانی کی دستیابی کے باوجود حیدرآباد کے عوام ایک عرصہ دراز تک پانی کیلئے واٹر ٹینکرس پر انحصار کرتے رہے ہیں اور اب بھی یہ سلسلہ کسی حد تک جاری ہے ۔ لیکن اب مختلف وجوہات کے باعث گذشتہ تین سال سے یہ رجحان بدل رہا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ’ شہر میں واٹر ٹینکرس کی طلب میں کافی کمی ہوئی ہے ‘ ۔ اس عہدیدار نے کہا کہ اس کی وجوہات میں شہر میں پانی کی خاطر خواہ سربراہی ، پانی کے نئے کنکشنس میں اضافہ ، زائد بارش کے باعث پینے کے پانی کے ذرائع ذخائر آب کا لبریز ہونا اور گراونڈ واٹر سطح میں اضافہ شامل ہیں ۔ اوسطاً ہر روز واٹر بورڈ کے میٹرو کسٹمر کیر نمبر (MCC) پر ٹینکر بکنگ کیلئے 800 کالس وصول ہوا کرتے تھے اب اس تعداد میں ایک دن میں 500 تا 600 تک کمی ہوگئی ہے ۔ اس عہدیدار نے کہا کہ ’ موسم گرما کی شدت کے دوران ہم کو واٹر ٹینکرس کیلئے روزانہ 3000 کالس وصول ہوا کرتے تھے ‘ ۔ فی الوقت واٹر بورڈ کی جانب سے پانی کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے جملہ 800 ٹینکرس چلائے جارہے ہیں ۔ ’ اب بھی ہم یہ نہیں کہہ سکتے ہیں کہ شہر میں ٹینکرس کی ضرورت نہیں رہی ‘ ۔ واٹر ٹینکرس بعض خصوصی ایونٹس یا اگر صارفین کے بورویل ناکارہ ہوجائیں تو طلب کئے جاتے ہیں ۔ دراصل گھریلو صارفین کے مقابل نان ڈومیسٹک کنزیومرس ( جس میں کمرشیل یونٹس ، ہاسپٹلس ، ہاسٹلس اور کالجس شامل ہیں ) کی جانب سے واٹر ٹینکرس کی مانگ زیادہ ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب بڑی تعداد میں بکنگس واٹر بورڈ کے ڈیویژنس VI ( ایس آر نگر ) ، IX (کے پی ایچ بی کالونی ) ، XV ( حفیظ پیٹ ) اور XVIII ( منی کونڈا ) پر کئے جارہے ہیں۔۔